Book Name:Hajj Kay Mahine Kay Ibtidai 10 Din
اےعاشقانِ رسول!ابھی ہم نے اللہ پاک کے ذِکرکے فضائل سُنے ، اِن فضائل سے پہلے جو احادیثِ کریمہ بیان ہوئیں اُن سے یہ معلوم ہوا!ذُوالْحِجَّہ کے پہلے دس (10) دن بہت عظیم دن ہیں۔ اِن دنوں کا عمل اللہ پاک کو بہت پسند ہے ، یہ بہت زیادہ فضیلت والے دن ہیں ، جن میں ممنوعہ دنوں کے علاوہ ہر دن کا روزہ ایک سال کے روزوں اور ہررات کا قیام لَیْلۃُ الْقَدْرکے قیام کے برابر ہے۔ اِن میں کئے جانے والے اعمال بہت زیادہ پاکیزہ اور ثواب والے اور راہِ خدا میں لڑنے سے زیادہ اللہ پاک کو پسند ہیں۔ اِن دنوں میں عمل کا ثواب 700گنا بڑھا دیا جاتا ہے ، الغرض ذُوالْحِجَّہ کے پہلے دس(10) دن کئی فضائل و برکات اور خصوصیات (Specialities)سے مالا مال ہیں۔
ہر سال گیارہ(11) ماہ بعد ذو الْحِجَّه کے مقدس مہینے میں یہ مبارَک دن تشریف لاتے ہیں اور اپنا فیضان تقسیم کرکے تشریف لے جاتے ہیں ، مگرافسوس!ایک تعداد ہے جو اِن دنوں کو بھی دیگر دنوں کی طرح غفلتوں میں گزاردیتے ہیں بلکہ مَعَاذَاللہ فرض نمازوں اوربہت سارے نیک اعمال کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ اللہ کریم مسلمانوں کے حالِ زار پر رحم فرمائے ، اِنہیں خوابِ غفلت سے بیدار ہوکر ماہِ ذُوالْحِجَّه کے اِن دس(10) دنوں کی خوب قدر کرنے اور اِنہیں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال میں گزارنے کی توفیق نصیب فرمائے۔
اٰمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!ماہِ ذُوالْحِجّۃِ الْحَرام اپنی بہاریں لُٹا رہا ہے ، اِس کی آمد ہوتے ہی سُنَّتِ ابراہیمی کی یادیں تازہ ہوجاتی ہیں ، ہر سال لاکھوں لاکھ مسلمان اِس ماہِ مُقدَّس میں اللہ پاک کے حکم کی ادائیگی ، سُنتِ ابراہیمی اور سُنَّتِ مصطفے کی ادائیگی کے لئے تیار دکھائی دیتے ہیں۔