Book Name:Nachaqiyon ka Asbab or Ilaj

اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں                                  اے دعوتِ اِسلامی تِری دُھوم مچی ہو

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                             صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد

غیبت

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!ہم ناچاقی کے اسباب اور ان کی تباہ کاریوں کے متعلق سُن رہے تھے۔یاد رہے!ناچاقی کا ایک سبب غیبت بھی ہے۔غیبت کی تعریف یہ ہے کہ انسان کے کسی ايسے عیب کا ذِکر کرنا،جو اس میں موجود ہوغیبت کہلاتا ہے،اب وہ عیب چاہے اُس کے دين،دنيا،ذات، اَخلاق،مال،اولاد،بيوی،خادِم،عِمامہ،لباس،حرکات وسکنات،مسکراہٹ،ديوانگی،تُرش رُوئی اور خوش روئی  وغیرہ کسی بھی ایسی چیز میں ہو،جو اس سے تعلق رکھتی ہو۔جسمانیت میں غیبت کی مثالیں:اندھا، لنگڑا،گنجا،ٹِھگنا،لمبا، کالا اور زرد وغيرہ کہنا۔دِین میں غیبت کی مثالیں:فاسِق، چور، خائن، ظالم، نَماز ميں سُستی کرنے والا، اور والِدَين کا نافرمان وغيرہ کہنا۔ مزید آگے چل کر نقل فرماتے ہیں:کہا جاتا ہے: غیبت ميں کھجورکی سی مٹھاس اور شراب جيسی تیزی اور سُرُوْر ہے۔اللہ کریم اس آفت سے ہماری حفاظت فرمائے اور ہماری طرف سے غیبت والوں کے حُقُوق اپنے فضل و کرم سے خود ہی ادا فرمائے کیونکہ اُس رب کریم کے علاوہ انہیں کوئی شمار نہیں کر سکتا۔(اَلزَّواجِر،۲ / ۲۴،۲۵)

یاد رکھئے!٭غیبت کے سبب  ہنستے بستے گھر اُجڑجاتے ہیں،٭غیبت کے سبب برسوں کی دوستیاں ملیا میٹ ہوجاتی ہیں،٭غیبت کے سبب رِشتے ٹُوٹ پھُوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں،٭غیبت ایمان کو کاٹ کر رکھ دیتی ہے۔٭غیبت بُرے خاتمے کا سبب ہے۔٭کثرت سے غیبت کرنے والے کی دعا قبول نہیں ہوتی۔٭غیبت سے نَماز روزے کی نورانیَّت چلی جاتی ہے۔٭غیبت سے نیکیاں برباد ہوتی ہیں۔