Book Name:Eman Ki Hifazat

یاد رکھئے!شراب پینادِین وایمان،جان و مال اورصحت و معاشرےکے لئے اِنتہائی تباہ  کُن ہے، شراب تما م بُرائیوں کی ماں ہے کیونکہ  شراب کے نشے میں انسان بدنگاہی،بدکاری اورمختلف گناہوں میںمُبْتَلا ہوکراپنی  دنیا و آخرت  برباد کرلیتا ہے۔

اَللّٰہُمَّ اَجِرْنَا مِنَ النَّارِ اے اللہ پاک مجھے(دوزخ کی) آگ سے نجات عطا فرما!

یَامُجِیۡرُ یَامُجِیۡرُ یَامُجِیۡرُ اے نجات دینے والے، اے نجات دینے والے، اے نجات دینے والے!

بِرَحۡمَتِکَ یَآاَرۡحَمَ الرّٰحِمِیۡنَ اپنی رحمت کے سبب ہم پر رحم فرما،اے سب سے بڑھ کررحم فرمانے والے!

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                                    صَلَّی اللّٰہُ  عَلٰی مُحَمَّد

چاند رات کے مَدَنی قافلوں کی ترغیب

پیارے پیارےاسلامی بھائیو!رَمَضانُ المبارَک کا مہینا اب چند دنوں کا مہمان رہ گیا ہے اور عنقریب ہم سے رخصت ہونے والا ہے ۔پھر اِنْ شَآءَ اللہ عیدِ سعید کی آمد آمد ہوگی۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ ہر سال اعتکاف کی سعادت پانے والے خوش قسمت اسلامی بھائی اور دیگر عاشقانِ رسول کثیر تعداد میں”اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش “کے مقدس جذبے سے سرشار ہوکر چاند رات کو مَدَنی قافلوں کے مسافر بنتے ہیں،لہٰذا آپ بھی ہمّت کیجئے اور چاند رات  کو سفر کرنے والے خوش نصیب عاشقانِ رسول کے ساتھ مَدَنی قافلوں کے لئے ابھی سے نِیَّت کرلیجئے، اپنے ذمّہ داران سے رابطہ کیجئے اور  مَدَنی قافلے کے لئے اپنا نام لکھوادیجئے بلکہ ممکن ہو تو ہاتھوں ہاتھ سفری اخراجات بھی جمع کروادیجئے۔ اللہ کریم ہمیں چاند رات کو مَدَنی قافلے میں سفر کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ