Duniya Ki Mohabbat Ki Muzammat

Book Name:Duniya Ki Mohabbat Ki Muzammat

حضرت سَیِّدُنَاابو مُوسیٰ اشعری رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے:رسولِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عبرت نشان ہے:جس نے دُنیا سے مَحَبَّت کی وہ اپنی آخرت کو نقصان پہنچاتا ہے اور جس نے آخرت سے مَحَبَّت کی وہ اپنی دنیا کو نقصان پہنچاتا ہے،تو تُم باقی رہنے والی(آخرت)کو فنا ہونے والی(دُنیا)پر ترجیح دو۔(مُسْتَدرَک لِلْحَاکِم،۵/۴۵۴،حدیث:۷۹۶۷)

(12)ایک دن کی خوراک ہو تو۔۔۔۔۔

             حضرت سَیِّدُنَا عُبَیْدُ اللہ بن مِحصَن خَطْمی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے:نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ ذِیشان ہے:تم میں جس نے اِس حال میں صبح کی کہ اس کا دِل مطمئن،بدن تندرست اوراس کے پاس ایک دن کی خوراک ہو تو گویا اُس کے لئے دُنیا جمع کردی گئی ہے۔ (ترمِذِیّ،۴/۱۵۴،حدیث:۲۳۵۳)

(13)دُنیا لعنتی ہے

حضرت سَیِّدُنَاابوہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے:حضورِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکا فرمانِ ذِیشان ہے:ہوشیار رہو! دُنیا لعنتی چیز ہے اور جو دُنیا میں ہے وہ بھی لعنتی ہے سِوائے اللہ پاک کے ذِکر کے اور اُس کے جو ربّ کریم کے قریب کر دے ۔

(تِّرْمِذِیّ،۴/۱۴۴،حدیث:۲۳۲۹ملتقطا)

(14)اللہ پاک بندے کو دُنیاسے پرہیز کراتا ہے

حضرت سَیِّدُنَا محمود بن لَبیدرَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے:نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عافیت نشان ہے:اللہ پاک اپنے بندے کو دُنیا سے اس طرح پرہیز کراتا ہے جس طرح تُم اپنے مریض کوکھانے اور پینے کی چیزوں سے پرہیز کراتے ہو۔(شُعَبُ الْاِیمان ، ۷/۳۲۱،حدیث:۱۰۴۵۰)