Duniya Ki Mohabbat Ki Muzammat

Book Name:Duniya Ki Mohabbat Ki Muzammat

(6)دنیا کی مَحَبَّت گناہوں کاسر ہے

            حضرت سَیِّدُنَا حُذَیْفَہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ روایت کرتے ہیں:میں نے سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکو اپنے خطبے میں فرماتے سُنا:دُنیا کی مَحَبَّت تمام گُناہوں کا سر ہے۔(مِشْکَاۃُ الْمَصَابِیح،۲/۲۵۰،حدیث:۵۲۱۲ )

(7)آخِرت کے مقابلے میں دُنیا کی حیثیت

حضرتِ سَیِّدُنَامُسْتَورِدبن شدّادرَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے مروی ہے:اللہ پاک کے مَحبوب صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا:اللہ پاک کی قسم!آخرت کے مقابلے میں دُنیا اتنی سی ہے جیسے کوئی اپنی اس اُنگلی کو سمندر میں ڈالے تو وہ دیکھے کہ اس اُنگلی پر کتنا پانی آیا۔(مُسلِم،ص۱۵۲۹،حدیث:۲۸۵۸)حکیمُ الاُمَّت حضر ت مفتی احمد یار خان رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:یہ بھی فقط سمجھانے کے لئے ہے۔ حیاۃُ الدُّنیااور چیز ہے،حَیٰوۃٌ فِی الدُّنیااورحیاۃٌ للِّدُّنیا کچھ اور یعنی دنیا کی زندگی ، دنیا میں زندگی ، دنیا کے لئے زندگی ۔ جو زندگی دنیا میں ہو مگر آخرت کے لئے ہودنیا کے لئے نہ ہو ،وہ مبارَک ہے۔(مرآۃ المناجیح،۷/۳ )

(8)بَھیڑ کامرا ہوا بچّہ   

حضرت سَیِّدُنَاجابر رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے:رحمتِ عالَم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ بھَیڑ کے مُردہ بچے کے پاس سے گزرے ارشاد فرمایا:تم میں سے کو ئی یہ پسند کرے گا کہ یہ اسے ایک دِرہم کے عِوَض (بدلے)ملے؟ انہوں نے عرض کی:ہم نہیں چاہتے کہ یہ ہمیں کسی بھی چیز کے عِوض(بدلے) ملے۔ تو ارشاد فرمایا:اللہ پاک کی قسم!دنیا اللہ پاک کے ہاں اس سے بھی زیادہ ذلیل ہے جیسے یہ تمہارے نزدیک۔(مِشْکَاۃُ الْمَصَابِیح،۲/۲۴۲،حدیث:۵۱۵۷ )