Book Name:Hasanain-e-Karimain ki Shan-o-Azmat

نام کیسے رکھے جائیں؟

میٹھی میٹھی اسلامی بہنو! ابھی ہم نے سُنا کہ نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنے پیارے نواسوں کے نام خودتجویز فرمائے ۔آئیے!اسی ضِمْن میں   نام رکھنے کے کچھ آداب بھی سُن لیجئے۔

یاد رہے!اچھے  نام رکھنا اولاد کے حُقُوق میں سے  ہےاوروالِدین کی طرف سے اپنے بچے کے لئے سب سے پہلا اور بُنیادی تحفہ بھی  ہے،  جسے وہ عُمْر بھر اپنے سینے سے لگائے رکھتا ہے،  یہاں تک کہ جب میدانِ حَشْر قائم ہوگا تو وہ اسی نام سے ربِّ کریم کے حُضُوربلایا جائے گا،  جیسا کہ

 حضرت سَیِدُنا ابودَرْداء رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  سے مَرْوِی ہے کہ حُضُورِ پاک،  صاحبِ لَولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:''قِیامت کے دن تم اپنے اور اپنے آباء کے ناموں سے پُکارے جاؤ گے،  لہٰذا اپنے اچھے نام رکھا کرو۔' '(سنن ابی داود ،کتاب الادب باب فی تغییر الاسماء ،الحدیث ۴۹۴۸،ج۴،ص۳۷۴)

میٹھی میٹھی اسلامی بہنو! اس حدیثِ پاک سے وہ لوگ عِبْرت حاصِل کریں جو اپنے بچے کانام کسی گلوکار،  فِلْمی اداکار یامَعَاذَ اللہ غیر مسلموں کے نام پر رکھ دیتے ہیں ،  اس سے بَدتَرین ذِلّت کیا ہوگی کہ مُسلمان کی اولاد کو کل میدانِ مَحْشَر میں  غیر مسلموں کے ناموں سے پُکارا جائے۔ہمارے مُعاشَرے میں بچے کے نام کاانتخاب کرنے کی ذمہ داری عُمُوماً کسی قریبی رشتہ دار مثلاً دادی ،پُھوپِھی،  چچا وغیرہ کوسونپ دی جاتی ہے اور بعض اوقات علمِ دِین سے دُوری کی وجہ سے وہ بچوں کے ایسے نام رکھ دیتے ہیں،  جن کے کوئی مَعانی نہیں ہوتے یا پھر اچھے مَعانی نہیں ہوتے ،یاپھر شرعاً دُرست نہیں ہوتے،  ایسے نام رکھنے سےبچنا چاہیے،بعض اوقات ایسا نام بھی تَلاش کِیا جاتا ہے جو گھر،  خاندان یا  محلے میں دُور دُور تک کسی کا نہ ہو،  جو بھی سُنے تو کہہ اُٹھےکہ یہ نام تو پہلی بار سُنا ہے ،کیسا زبردست نام رکھا ہے؟ ۔یہ الفاظ سُن کر نام رکھنے والا پُھولے نہیں سماتا،ایسوں کو ایک لمحے کے لئے سوچ لیناچاہیے کہ کہیں یہ خُوشی تعریف کی خواہش کے مَرَض کانتیجہ تو نہیں،  لہٰذااَنبیائے کِرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام،صَحابہ کِرام و تابعینرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم اجمعین  اور اولِیائے کِرام رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہم اجمعین کے ناموں پر نام رکھنے چاہئیں،  جس کا ایک فائدہ تویہ ہوگا کہ بچے کا اپنے  بزرگوں سے رُوحانی تَعَلُّق قائم ہوجائے گا اور دُوسرا ان  نیک ہستیوں کا نام رکھنے کی برکت سےاس کی زندگی پر مدنی اثرات بھی مرتب ہوں گے۔ناموں کے حَوالے سے مزید دِلْچسپ اور حیرت انگیز مَعلُومات حاصِل کرنے کیلئےمکتبۃُ المدینۃ کی کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘ کامُطالَعہ کیجئے کہ اس  کتاب میں بچوں کے نام رکھنے کیلئے سینکڑوں اچھے ناموں کی فہرست  موجود  ہے،  اس کے عِلاوہ بچوں کے نام رکھنے کےبارے میں کثیرمَدَنی پُھول جگہ بہ جگہ اپنی خُوشْبُوئیں مَہکا رَہے ہیں۔دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اس کتاب کو پڑھابھی جا سکتا ہے،ڈاؤن لوڈ  (Download)اور پرنٹ آؤٹ (Print Out) بھی کيا جا سکتا ہے۔