Book Name:Faizan e Shabaan

    حَضْرتِ سیِّدُناشیخ عبدُالحق مُحدِّثِ دہلوی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی مزیدفرماتے ہیں:''دُرُود شریف سے مصیبتیں ٹلتی ہیں، بیماریوں سے شِفا حاصل ہوتی ہے،  خَوْف دُور ہوتاہے، ظُلم سے نَجات حاصل ہوتی ہے، دُشمنوں پرفَتْح حاصل ہوتی ہے، اللہ  (پاک )کی رِضا حاصل ہوتی ہے اور دل میں اُس کی مَحَبَّت پیدا ہوتی ہے، فِرِشتے اُس کا ذِکر کرتے ہیں، اَعمال کی تکمیل ہوتی ہے، دل و جان، اَسباب و مال کی پاکیزگی حاصل ہوتی ہے، پڑھنے والاخُوشحال ہوجاتاہے، بَرَکتیں حاصل ہوتی ہیں، اَولاددَر اَولاد چار(4) نَسلوں تک بَرَکت رہتی ہے۔ '' (جذبُ القلوب، ص٢٢٩)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! حُصُولِ بَرکت ، ترقیٔ مَعْرِفت اورحُضُورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی قُربت پانے کیلئے دُرُود وسَلام کی کَثْرت  اِنْتہائی ضَروری ہے ،لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اُٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے حُضُور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی ذات ِبابَرَکات پردُرُود ِپاک کے پھُول نچھاور کریں،بالخُصُوص اس ماہِ شَعْبانُ الْمُعَظَّم میں زِیادہ سے زِیادہ پڑھیں ،دن میں روزہ  رکھیں اور اس کی راتوں میں قِیام کا معمول بنائیں کیونکہ یہ مُبارَک مہینا میرے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا مہینا ہے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ فرماتے ہیں :شَعْبَانُ شَہْرِیْ وَرَمَضَانُ شَہْرُ اللّٰہِ،یعنی شعبان میرا مہینا ہے اور رَمَضان اللہ  تَبارَکَ وَتَعَالیٰ کا  مہینا ہے۔(جامع صغیر،حرف الشین، ص: ٣٠١،حدیث: ٤٨٨٩)(آقاکا مہینہ،ص:۲)آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ اس مہینے کو بے حَد پسند فرماتے اور کثرت سے روزے رکھا کرتے۔اُمُّ الْمُؤمِنِیْن  حَضْرتِ سَیِّدَتُنا عائِشہ صدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا فرماتی ہیں:میرے سرتاج ، صاحِبِ مِعْراج صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا پسندیدہ مہینا شَعْبانُ الْمُعَظَّم تھا کہ اس میں روزے رکھا کرتے پھراسےرَمَضانُ الْمُبارَک سے ملادیتے۔  (سُنَنِ ابوداو،د ج۲ص۴۷۶حدیث ۲۴۳۱)(آقاکا مہینہ،ص:۵)