قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند  منتخب خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2023

خواب : میں نے خواب دیکھا ہے کہ میں نے سونے کی انگوٹھی پہنی ہوئی ہے اور دوسرا خواب یہ ہے کہ میں مکے اور مدینے میں ہوں اچانک سب بھاگنے لگتے ہیں کہ سیلاب آرہا ہے اور میں سبز گنبد کے ساتھ لپٹ جاتی ہوں۔

تعبیر : پہلے خواب کا جواب : خواب میں سونے کی انگوٹھی عورت کے حق میں بہتر ہے۔ مال ، منصب اور عزت میں اضافے کا باعث ہے۔ لہٰذا جس نے یہ خواب دیکھا ہے اس کے حسبِ حال ان چیزوں میں برکت کا باعث ہوگا۔دوسرے خواب کا جواب : آزمائش کی علامت ہے راہِ خدا میں کچھ صدقہ دیں اور اللہ پاک کی بارگا ہ میں دعا کریں۔

خواب : میری والدہ نے خواب میں دیکھا کہ میرے والد صاحب نے انہیں مرغی کا گوشت دیا ہے۔

تعبیر : گھر میں مرد کا زوجہ کو کھانے پینے کا سامان لاکر دینا ایک معمول کی بات ہے۔ اس طرح کے عمومی کاموں کو خواب میں دیکھنا محتاجِ تعبیر نہیں ہوتا۔

خواب : خواب میں بَلا میرے اوپر گزرتی ہوئی ماموں کے بیٹے کی طرف جا رہی تھی میں اونچی آواز سے ماموں کے بیٹے کو کہہ رہا تھا : بلا آ رہی ہے۔

تعبیر : اللہ پاک آپ کی اور آپ کے ماموں زاد کی حفاظت فرمائے۔ دعا کریں اور حفاظت کے لئے کچھ نہ کچھ وظائف پڑھنے کا معمول بنائیں۔

خواب : میں نے خواب میں سبز گنبد دیکھا ہے اور سبز گنبد کے قریب روشنی اور دھواں بھی اُٹھ  رہا ہے پھر میں سبز گنبد کے قریب پہنچتی ہوں اور کہتی ہوں : یہ مدینہ نہیں ہمارے قبرستان کا گنبد ہے ، میرے ساتھ کوئی مرد بھی ہے جو مجھے نظر نہیں آرہا لیکن کہہ رہا ہے : مدینے کا ٹکٹ یہاں سے ملے گا۔ جب میں اوپر سے نیچے کی طرف دیکھتی ہو ں تو اس سبز گنبد کے پاس ایک جہاز️بھی ہے اس شخص نے مجھ سےکہا : اپنے ساتھ کسی محرم کو لے کرجاؤ ۔وہاں کوئی انجان بچہ تھا میں نے اپنا اور اس کا پاسپورٹ جمع کروا دیا۔

تعبیر : اللہ پاک آپ کو بار بار مدینۂ پاک کی با ادب حاضری نصیب فرمائے ۔ یہ خواب مدینے سے محبت کی علامت ہے۔ اسباب کے لئے کوشش فرمائیں ، دعا کریں اور مدینے والے آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں درخواست بھی کرتی رہیں۔ اِن شآءَ اللہ ! حاضری نصیب ہوگی۔

خواب : خواب میں پالتو باز دیکھنا کیسا ؟

تعبیر : باز کو اپنا مطیع و فرمانبردار دیکھنا منصب ملنے ، لوگوں کا والی بننے اور طاقت ور ہونے کی نشانی ہے۔

خواب : خواب میں گندم کے  دانے دیکھنا کیسا ؟

تعبیر : خواب میں گندم کے دانے دیکھنا مالداری کی علامت ہے اگر خواب دیکھنے والا مفلس ہے تو رزق کی وسعت ملے گی۔

خواب : کل رات میری والدہ نے میری مرحوم نانی کو خواب میں دیکھا نانی وائٹ کلر کا سوٹ پہنی ہوئی  ہیں ، چہرا چمکدار ہے اور نانی میری والدہ سے کہہ رہی ہیں میں عمرے پہ جاری ہوں ، تم سب اپنا خیال رکھنا !

تعبیر : اچھا خواب ہے ، فوت شدہ کو اچھی حالت میں دیکھنا نیک فال ہوتی ہے البتہ ان کے لئے دعا اور ایصال ثواب کی کثرت کرتے رہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code