نفع میں نقصان نہ کیجئے!

نفع میں نقصان نہ کیجئے!

از:شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ

ماہنامہ فیضان مدینہ مئی 2024ء

”نیکی“ کرنا، یقیناًثواب کا کام ہے مگر   بعض اَوقات شىطان نىکى کروا کر پھنسا دىتا اور نفع میں نقصان کروا دیتا ہے، مثلاً نىکى کروا کر کسی  کو رِىاکاری مىں مبتلا کردیتا ہے،اسی طرح  کوئی کام بَظاہِر نىک ہوتا ہے لىکن اُس میں کسی دوسرے کى حق تلفى اور دِل آزاری ہورہى ہوتى ہے، جىسا کہ کوئی شخص  کسی سونے والے کے قریب بلند آواز سے تِلاوت کررہا ہو،جس  کی وجہ سےبار بار سونے والے کی   آنکھ کُھل رہی ہواور  وہ بے چارہ دَرخواست  بھى کررہا ہو کہ آہستہ آواز سے تِلاوت کرلیجئے! لیکن تِلاوت کرنے والا کہے کہ ”تُو مجھے قراٰنِ کرىم پڑھنے سے روکتا ہے!“ تَو یاد رہے کہ ایسی صُورَت میں  تِلاوت کرنے والا گُناہ گار ہوگا۔(دیکھئے:غنیۃ المتملی،ص497) یوں ہی بعض لوگ گلی محلے میں آدھی رات تک ایکو ساؤنڈ پر  نعت خوانى کررہے ہوتے ہیں، جس کےسبب  گھروں مىں لوگ پرىشان ہورہے ہوتے اور بچّے بوڑھے، مریض وغیرہ سو نہیں پاتے۔ یاد رکھئے! اگر محلے کے دو چار آدمى آپ کے ساتھ نعت خوانی میں شریک ہیں تو اِس کا مطلب ہرگز ىہ نہیں ہے کہ اىک دِن کا بچّہ، 100 سال کى بُڑھىا اور دِل کا مَرىض بھى آپ کی تائىد مىں ہے کہ خوب ایکوساؤنڈ  چلاؤ! اگر ایسی صُورَتِ حال میں کوئى نعت خوانی سے روکتا ہے تواُس سے  کہتے ہیں: ”تُو ہمیں نعت خوانى سے روکتا ہے !!“ یوں ہی  کچھ لوگ ربیعُ الاوّل شریف کی راتوں مىں بڑے بڑے اِسپیکر لگاکر اُن کا رُخ  کسى کے گھر کى طرف کردیتے ہیں جس سے وہ بے چارے سو نہیں پاتے، اور اگر وہ اِس کی شکایت کریں تو بعض اوقات اِسپیکر لگانے والے لڑائى کرتے ہیں۔  حالانکہ یہ سب ہم سے شیطان کروارہا ہوتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہم بڑے نیک اور بہت بڑے عاشقِ رسول ہیں۔  ہمارى آواز سے بھی  کسى کو تکلىف نہىں ہونی  چاہئے، ىہی وجہ ہے کہ اِحرام والے شخص کے تَلْبِیَہ (یعنی لَبَّیْک)پڑھنے کے متعلق لکھا ہے کہ”اِسلامی بھائی بَہ آوازِ بُلندلَبَّیْک کہا کریں   مگر آواز اِتنی بھی بُلند نہ کریں   کہ اِس سے خود کو یا کسی دوسرے کو تکلیف ہو۔(رفیق المعتمرین،ص27)

اللہ پاک ہمیں شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے نیکی کرنے اور اپنی نیکیوں کو ضائع ہونے سے بچانے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

 (نوٹ:یہ مضمون5ستمبر2020ء کو ہونے والے مدنی مذاکرے سے تیار کرنے کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے نوک پلک درست کرواکے  پیش کیا گیا ہے۔)


Share

Articles

Comments


Security Code