Book Name:Iteba Shahwat Ke Tabahkariyan
ا س آیت میںاللہ پاک نے اِتباعِ شہوات سے بچنے والوں کی تعریف فرمائی ہے اور انہیں جنَّت کی بِشارَت سے بھی نوازا ہے ۔
حضرت ابُو سُلیمان دارانی رَحۡمَۃُ اللہِ عَلَیۡہ فرماتے ہیں: نَفْس کی خواہشوں میں سے کسی ایک خواہش کو تَرک کر دینا، دِل کے لئے ایک سال کے روزوں اور سال بھر کی راتوں کے قیام سے بھی زِیادہ فائدہ مند ہے۔
( قُوتُ القُلوب ،ج ٢، ص ٣٣٦)(فیضانِ سنّت ،ص:۷۳۴)
پیارے اسلامی بھائیو! آپ نے سناکہ نَفْسانی خواہشات سے بچنے کے کس قَدر فَضائل ہیں کہ جو اپنے اُوپر خواہشات کے دروازے بند کرلیتاہے تو اللہ پاک اسے جنَّت کی نعمت سے نواز دیتا ہے۔ لہٰذا ہمیں بھی چاہیے کہ ہم ان اِنعامات و اِکرامات سے محروم نہ رہیں اور ان کے حُصُول کیلئے نَفْسانی خواہشات سے بچنے کی بھرپُورکوشش کرتے رہیں۔ اِتّباعِ شَہوات پر اُبھارنے والے کئی اَسباب ہوسکتے ہیں،آیئے!ان میں سے پانچ (5) اَسباب اور ان کا علاج ذِکر کرتا ہوں تاکہ ان مُہلکات(ہلاک کرنے والی چیزوں) سے بچنا مزید آسان ہوسکے۔
(1)جلد اَثَر قبول کرنے کی عادت
کسی چیز کی تعریف سُن کر یاکسی کے پاس کوئی چیز دیکھ کریہ خواہش دل میں پیدا ہو کہ یہ چیز میرے پا س بھی ہونی چاہیے(جیسے کسی کااچھا موبائل ، گھر دُکان اورگاڑی وغیرہ )ان چیزوں کودیکھیں تو اب ہمیں خواہ اُن کی حاجت ہو یا نہ ہو، بس ایک دُھن سر پر سوار ہوجاتی ہے کہ کسی طرح میں بھی یہ چیزیں حاصل کرلوں ،اب ان چیزوں کا حُصُول مُشکل ہونے کی وجہ سے یہ شخص اپنی خواہش کو پُورا کرنے کے لئے جائز وناجائز حُدود کو پار کرتا چلاجاتا ہے اور یُوں تباہی کے عمیق(یعنی گہرے) گڑھے میں جا پڑتا ہے ۔