Iteba Shahwat Ke Tabahkariyan

Book Name:Iteba Shahwat Ke Tabahkariyan

علاج

اس کا علاج یہ ہے کہ ایسا شخص اپنی ضَروریات اور ناجائز خواہشات میں تمیز کرنے کی عادت ڈالے،اس حوالے سے کسی نیک اور مُخلص دوست سے مُشاوَرَت کرلے اور خواہشاتِ نَفْسانیہ کی مَذمَّت اوراس کے نُقصانات پر غور کرے  اورجائز خواہش کے حُصُول کے لیے جائز  طریقے ہی  اختیار کرے۔

(2)فُضول خَرچی کی عادَتِ بد

اسی طرح اِتباعِ شَہوات پر اُبھارنے کا ایک سبب فُضُول خَرچی کی عادَتِ بدبھی ہوسکتی ہے کیونکہ جس شخص میں بھی فُضُول خرچی کی عادت ہو گی وہ ہر پسند آجانے والی چیز کو خریدتا چلا جائے گا اور یہ نہیں سوچے گا کہ میں جس چیز کو خرید رہا ہوں، وہ میرے کام کی بھی ہے یا نہیں اور یُوں ایسا شخص خواہشات کی اِتباع میں اپنا کثیر مال ضائِع کرتا چلا جاتا ہے۔

 علاج

اس کا علاج یہ ہے کہ بندہ مال خَرچ کرتے ہوئے اپنی ضَرورت کو پیشِ نظر رکھے، بِلاضَرورت کوئی چیز نہ خریدے،ممکن ہو تو فُضُول چیز پر خرچ کی جانے والی  رقم صَدَقہ کردے۔ یاد رکھئے!جس جگہ شَرعاً ،عادتاً یا مُروَّتاً خرچ کرنا مَنْع ہو وہاں خَرچ کرنا  مثلاً فِسْق وفُجور وگُناہ  والی جگہوں پر خرچ کرنا ،اَجنبی لوگوں پر اس طرح خَرچ کرنا کہ اپنے اَہل وعِیال کو بے یار ومدد گار چھوڑ دینا،اِسراف(فُضول خرچی )کہلاتا ہے۔(باطنی بیماریوں کی معلومات ص۳۰۱)اِسراف اور فُضُول خرچی خِلافِ شَرع ہو تو حرام اور خلافِ مُروَّ ت ہوتو مکروہِ تنزیہی ہے۔

(الحدیقۃالندیہ  ج۲ ص ۲۸،باطنی بیماریوں کی معلومات ص۳۰۷)