Ummat e Muslima Akhri Ummat Kyon?

Book Name:Ummat e Muslima Akhri Ummat Kyon?

عِبْرت لینے کی ترغیب

اے عاشقانِ رسول!قرآنِ کریم نے ہمیں جگہ جگہ عِبْرت لینے کی ترغیب دِلائی ہے۔  پارہ:18، سورۂ نُور، آیت:44 میں اللہ پاک فرماتا ہے:

یُقَلِّبُ اللّٰهُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَعِبْرَةً لِّاُولِی الْاَبْصَارِ(۴۴)

(پارہ:18،النور:44)

ترجَمہ کنز العرفان: اللہ رات اور دن کو تبدیل فرماتا ہے،بیشک اس میں  آنکھ والوں  کے لئے سمجھنے کا مقام ہے۔

 پارہ: 30،سورۂ نازِعات میں فِرْعَوْن اور اس کے لشکر (Army)کے غرق ہونے کا واقعہ ذِکْر کرنے کے بعد فرمایا:

اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَعِبْرَةً لِّمَنْ یَّخْشٰى(۲۶)ﮒ

(پارہ:30،النازعات:26)

ترجَمہ کنز العرفان: بیشک اس میں  ڈرنے والے کےلئے ضرور عبرت ہے۔

 اَللہُ اَکْبَر!یہ اللہ پاک سے ڈرنے والے، اُولِی الْاَبْصَار (یعنی غور و فِکْر کرنے والے، نگاہِ عبرت رکھنے والے)،یہ اللہ پاک کی نشانیوں(Signs) کو دیکھ کر عِبْرت پکڑتے ہیں، دِن آیا، چلا گیا، سورج نکلا، ڈُوب گیا، رات آئی، ڈھل گئی،  ستارے نکلے، غروب ہو گئے، یہ سب کچھ، کائنات (Universe)کا ذَرَّہ ذَرَّہ کھلی کتاب ہے، اس میں ہمارے لئے نصیحت ہے، عِبْرت ہے، کاش! ہم ڈرنے والے، عِبْرت لینے والے، اُولِی الْاَبْصَار (یعنی غور و فِکْر کرنے والے، دُنیا کو نگاہِ عبرت سے دیکھنے والے) بن جائیں۔