Book Name:Tilawate Quraan Ki Barkatain

سنئے، اپنی پاک کمائی میں سے دعوتِ اسلامی کو مدرسے تعمیر کروا دیجئے، تا کہ دعوتِ اسلامی والے آپ کے مدنی منوں اور مدنی منیوں کو قرآن پڑھائیں، تعلیمِ قرآں عام کرنے کے لئے آپ اپنی تنخواہ و آمدنی میں سے کچھ حصہ مقرر فرما دیں، چاہیں تو کسی مدرسۃ المدینہ کے اخراجات یا کسی مدرس کی تنخواہ اپنے ذِمّے لے لیں، کسی دوسرے کو بھی اس نیکی کے کام میں شامل کر سکتے ہیں، اللہ پاک  نے چاہا تو آپ کو قرآن کی تعلیم عام کرنے کا خوب خوب اجر نصیب ہو گا۔ اگر آپ نے قرآنِ پاک نہیں پڑھا ہوا تو آپ خود بھی دعوتِ اسلامی کے مدرسۃالمدینہ بالغان جو کہ صرف 41 منٹ کے لئے لگتے ہیں، اُس میں شامل ہو جائیے، اسلامی بہنوں کے لئے مدرسۃ المدینہ بالغات ہیں، جن میں اسلامی بہنیں اسلامی بہنوں کو گھروں پر فی سبیل اللہ قرآنِ پاک پڑھاتی ہیں۔

یہی ہے آرزُو تعلیمِ قرآں عام ہو جائے

تلاوت کرنا صُبح و شام میرا کام ہو جائے

انفرادی کوشش کی اہمیت

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!شیخِ طریقت ،امیرِ اَہْلسُنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے  ہمیں ایک مَدَنی مَقْصَد عطافرمایا ہے کہ   مجھے اپنی اور ساری دُنیا  کے لوگوں کی اِصْلاح کی کو شش  کرنی ہےاِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ۔ اپنی   اصلاح کیلئے مدنی انعامات پر عمل اور ساری دُنیا  کے لوگوں کی اِصْلاح کی کوشش  کیلئے مدنی قافلوں میں سفر کا معمول بنالیجئے اور اس طرح مسلمانوں کو  نیک نمازی بنانے ،سنتوں کا عادی بنانے اور گناہوں سے بچانے کیلئے ان پر انفرادی کوشش  شروع کردیجئے مدنی قافلوں کے علاوہ بھی جب کسی اسلامی بھائی سے ملاقات ہوتو شفقت ومحبت بھرے انداز میں انفرادی کوشش  کیجئے اِنْ شَآءَ اللہعَزَّ  وَجَلَّ