Book Name:Fazilat ka Miyar Taqwa hay (Islamic Sisters)

مُنافقین اور عرب کے بدوی لوگ تھے جو حضرت(سَیِّدُنا) زید اور(حضرت سَیِّدُنا)اُسامہ ابنِ زید(رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا)کی اِمارت(سرداری) پر اس لیے اِعتراض کرتے تھے کہ یہ حضرات غُلام تھے اور اہلِ عرب کبھی غلاموں کو کسی کا سردار نہیں بناتے تھے اسلام نے غُلاموں کو اُٹھا کر سردار بنادیا ۔(مزید فرماتے ہیں) اسلام میں غُلامی آزادی کا فرق غلط ہے یہاں ہر مؤمن غُلام ہو یا آزاد سب برابر ہیں،عظمت تقوے سے ہے،حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے اس عمل سے یہ فرق توڑ دیا ۔ (مراۃ المناجیح،۸/۴۶۵ملتقطاً)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

میٹھی میٹھی اسلامی بہنوں!خُودکو دوسرے مسلمانوں  سےبہتر اور دوسروں  کو حقیر  وکم تَر سمجھنا ایسا مُوذی مَرَض جوہمارے  اندر تکبُّر،غیبت ،چغلی،حسد  جیسے کئی اَمْراض پیدا کردیتاہے ،لہٰذا  جوبھی اس بُری آفت میں مُبْتَلا  ہے اُسے  چاہئے کہ وہ جلد اَزْجلد اس مَرض سے پیچھا چُھڑانے کی کوشش کرے ۔ آئیے! بطورِ ترغیب اس مُوذی مَرض سے نجات پانے کے لئے چند طریقوں کے مُتَعَلِّق سُنتے ہیں  اور ان پر عمل کرنے کی کوشش  کی نِیَّت کرتے ہیں :

(1)قرآنِ کریم کو ترجَمۂ قرآن کنزالایمان،تفسیر خزائنُ العرفان،نُورُ العرفان یا صِراطُ الجنان کے ساتھ پڑھنے کی ترکیب کیجئے کیونکہ جب دورانِ تلاوت مُتَّقی لوگوں کے اَوصاف اور انہیں ملنے والے انعامات،مسلمانوں کے حُقُوق اور جہنَّم کے عذابات کا بیان نظروں کے سامنے آئے گا، تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ اپنےاس  فعل پر سخت شرمندگی ہوگی اور توبہ و اِسْتِغْفار کا ذِہْن ملے گا۔(2)خُود کو یُوں ڈرائیے کہ مسلمانوں کو حقیر سمجھنے،ان کے بُرے اَلقابات رکھنے،ان کا مذاق اُڑانے کے سبب اگر اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ناراض ہوگیا،مُصْطَفٰے کریم  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ رُوٹھ گئے تو قبر و حشر کے دردناک عذابات کس طرح برداشت ہوسکیں گے،(3)مکتبۃ المدینہ سے شائع کردہ اِحْیاءُ الْعُلُوم،مِنْہاجُ الْعابِدِین،مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب،قُوت