Book Name:Imam e Ahle Sunnat ki Ibadat o Riyazat

جوڑوں کی بیماری بھی گئی اور بے رُوز گاری بھی گئی

 ایک اسلامی بھائی کے بَیان  کا لُبِّ لُباب ہے:میری ایک طرف بے رُوزگاری تھی تو دوسری طرف جوڑوں کے درد کی پُرانی بیماری تھی،تنگدستی اور شدید درد کے باعِث سَخْت بیزاری تھی،بَہُت علاج کروایا مگر کچھ فائدہ نہ ہوا ۔کسی اسلامی بھائی نے انفِرادی کوشِش کے ذَرِیعے ذِہن بنا کر دعوتِ اسلامی کے عاشقانِ رسول کے سنّتوں کی تَربِیَت کی مَدَنی قافلے میں سُنَّتوں بھرے سفر کی ترکیب بنا دی ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ مَدَنی قافلے میں سنّتوں بھرے سفر اور عاشِقانِ رسول کی شفقت بھری صحبت کی بَرکت سے میری برسوں پُرانی جوڑوں کی بیماری بالکل صحیح ہوگئی ۔ مَدَنی قافلے سے واپَسی پر دوسرے ہی دن ایک اسلامی بھائی آئے اور انہوں نے مجھے کام پر لگا کرمیرے رُوزگار کی ترکیب بھی بنا دی۔ یہ بَیان  دیتے ہوئے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّایک سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے میرا کام ایک دن بھی بند نہیں ہوا اور درد بھی پلٹ کر نہیں آیا۔

جوڑ جوڑ آپکے، ہوں اگر دُکھ رہے            کر کے ہمّت  چلیں، قافِلے میں چلو

تنگدستی مِٹے، رزق  سُتھرا  ملے               دَر کرم کے کُھلیں، قافِلے میں چلو

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

ناخُن کاٹنے کے مَدَنی پھول:

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!بَیان  کو اِختِتام کی طرف لاتے ہوئے سُنَّت کی فَضیلت اور چند سُنَّتیں اور آداب بیان کرنے کی سَعَادَت  حاصِل کرتا ہوں۔تاجدارِ رِسالت ،شَہَنْشاہِ نُبُوَّت ،مُصطَفٰے جانِ رَحْمت، شمعِ بزمِ ہدایت ،نوشۂ بزمِ جنّت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ  کا فرمانِ جنّت نشان ہے: جس نے میری سُنَّت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی اور جس نے مجھ سے مَحَبَّت کی وہ جنّت میں میرے ساتھ ہو گا ۔