Book Name:Imam e Ahle Sunnat ki Ibadat o Riyazat

12 مَدَنی کاموں میں حصہ لیجئے!

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو! مَدَنی قافلے میں سَفَر کرنا ذیلی حلقے کے12 مَدَنی کاموں میں سے ایک مَدَنی کام بھی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ مَدَنی قافلے میں سَفَر کی بَرکت سے جہاں عاشِقانِ رسول کی صُحبت اور نیکی کی دعوت عام کرنے کا موقع ملتا ہے  وہیں علمِ دین سیکھنے سِکھانے کی سعادت بھی نصیب ہوتی ہے ۔اورراہِ خُدامیں علمِ دین کی تلاش میں نکلنا صحابۂ کِرام  عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان اوربُزرگانِ دین  رَحِمَہُمُ اللہُ الْمُبِیْن کا معمول تھا۔بلکہ بعض صحابۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کا علمِ دین سیکھنے کا جذبہ تو ایسا تھا کہ گھر بار کی مصروفیّت اورطویل مَسافت  کے سبب بارگاہ ِ رِسالت میں حاضِر ہوکر  عِلم کے موتی سمیٹنے کیلئےباریاں مقرّر کر رکھی تھیں۔ جیساکہ اَمِیْرُالمؤمنین حضرتِ سیّدُنا عمرِ فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں کہ میں اور میرا  ایک انصاری پڑوسی بنو امیّہ بن زید (کے محلے) میں رہتے تھے جو مدینۂ پاک کی بلندی پر تھا ،ہم باری باری سرکارِ والا تَبار، شفیعِ روزِ شُمارصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی بارگاہ میں حاضِر ہوتے تھے ایک دن وہ مدینۂ منوّرہ جاتے اور واپس آکر اس دن کی وحی کاحال مجھ کو بتادیتے اور ایک دن میں جاتا اور آکر اس دن کی وحی کی خَبَر کا حال ان کو بتلاتا۔ (صَحیح بُخاری ج ۱ ص۵۰حدیث۸۹)

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو!ہمیں بھی ہر ماہ کم اَزْ کم تین دن کے مَدَنی قافلے میں ضَرور سفرکرنا چاہیے ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ مَدَنی قافلے کی بَرکت سے جہاں علم کی دولت نصیب ہوتی ہے وہیں ہمیں علمِ دین  دوسروں کو سِکھانے کا موقع ملے گا وہیں ہمیں نیکی کی دعوت پھیلانے ، مُسَلمانوں کو نماز روزے کی دعوت دینے اور فکرِ آخِرت کی طرف مائل کرنے کا ثواب بھی ملے گا۔ تو نیَّت کر لیجئے! اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ہر ماہ مَدَنی قافلے میں سفر کریں گے۔مَدَنی قافلے میں سفر کی بڑی برکتیں ہیں ترغیب کیلئے ایک مَدَنی بہار سُنتےہیں ۔