Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

سوال      اگر مسکین کو دینے کے بعد لقطہ کا مالک آجائے تو کیا حکم ہے ؟

جواب     اب مالک کو اختیار ہے چاہے تو اس صدقہ کو جائز کردے یعنی مسکین سے واپس نہ لے اس صورت میں وہ ثواب پائے گا اور اگر وہ اس صدقہ کو جائز نہیں کرنا  چاہتا تو اپنی چیز واپس لے لے ۔  پھر اگر وہ چیز خرچ ہوچکی یا ہلاک ہوگئی تو اب مسکین یا لقطہ اٹھانے والے میں سے جس سے چاہے تاوان لے  اور جس سے بھی تاوان کا مطالبہ کیا جائے وہ دوسرے سے رجوع نہیں کرسکتا ۔  (  [1])

سوال      اگر بچہ باہر سے کوئی چیز اُٹھا کر لے آئے تو کیا حکم ہے ؟

جواب     بچے کو کوئی چیز پڑی ہوئی ملی اور وہ اُٹھا لایا تو اُس کا سرپرست تشہیر کرے ، اگر مالک کا پتہ نہ چلے اور وہ بچہ خود فقیر ہے تو سرپرست اس بچے پر صدقہ کرسکتا ہے اور بعد میں مالک آیا اور صدقہ  جائزنہ کیا تو سرپرست کو تاوان  دینا ہوگا ۔  (  [2])

سوال      اگر لقطہ اُٹھانے والا تشہیر نہیں کرسکتا مثلاً وہ بوڑھا یا مریض ہے تو کیا کرے ؟

جواب     اگر ایسا ہے تو وہ کسی کو اپنا نائب بنادے جو اعلان  وتشہیر کرے لیکن نائب کو دینے کے بعد اس سے واپس نہیں لے سکتا اور نائب کے پاس سے وہ چیز ضائع ہوگئی تو اُس سے تاوان بھی نہیں لے سکتا ۔  (  [3])

سوال      پھل اور کھانے کی اشیاء کی کب تک تشہیر کی جائے ؟

جواب     جو چیزیں خراب ہوجانے والی ہیں جیسے پھل اورکھانا ان کا اعلان صرف اتنے وقت تک کرنا لازم ہے کہ خراب نہ ہوں اور خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو مسکین کو دے دے ۔  (  [4])

سوال      کوئی مکان خریدا اس کے بعد اس کی دیوار میں سے کچھ رقم ملی تو اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب     مکان خریدا اور اُس کی دیورا وغیرہ ميں روپے ملے اگر بائع (  یعنی مکان فروخت کرنے والا) کہتا ہے یہ میرے ہیں تو اُسے دے دے ورنہ لقطہ ہے ۔  (  [5])

سوال      اجتماع یا مسجد میں جوتے تبدیل ہوگئے تو انہیں استعمال کرنا کیسا؟

جواب     مجمعوں یا مساجد میں اکثر جُوتے بدل جاتے ہیں ان کو کام میں لانا جائز نہیں ہاں اگر یہ کسی فقیر کو اگرچہ اپنی اولاد کو تَصَدُّق کردے پھر وہ اِسے ہِبَہ کردے تو تَصَرُّفْ میں لاسکتاہے یا اِس کا اچھا جُوتا کوئی اُٹھا لے گیا اور اپنا خراب چھوڑ گیاکہ دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے اُس نے قصداًایسا کیا ہے دھوکے سے نہیں ہوا ہے تو جب یہ شخص خراب جوڑا اُٹھالایا اِس کو پہن سکتا ہے کہ یہ اُس کا عِوَض ہے ۔  (  [6])

سوال      راستے میں کوئی چیز دیکھی اور دوسرے سے اسے اٹھا کرلانے کا کہا وہ اپنے لئے لے آیا تو اس صورت میں لقطہ کے احکام کس پر لاگو ہونگے ؟

جواب     دونوں جارہے تھے ایک نے کوئی چیز دیکھی اس نے دوسرے سے کہا :  اُٹھالاؤ ۔ اُس نے اپنے ليے اُٹھائی تو یہ ذمہ دار ہے اور لقطہ کے احکام اِس پر ہیں حکم دینے والے پر نہیں ۔  (  [7])

سوال      سوتے ہوئے شخص کے ہاتھ میں کوئی پیسے رکھ کر چلا جائے تو کیا حکم ہے ؟

جواب     یہ پیسے اس کے ہیں اپنے خرچ میں لاسکتا ہے ۔  (  [8])

سوال      مچھلی کے پیٹ سے موتی نکلاتو وہ کس کا ہے  ؟

جواب     اگر یہ موتی سیپ کے اندر ہے تو مچھلی والا اس کا مالک ہے ۔  اگر شکاری نے مچھلی بیچ ڈالی تو وہ موتی خریدنے والے کا ہے اور اگر موتی سیپ میں نہیں ہے تو خریدار کو چاہئے کہ شکاری کو دے دے کیونکہ یہ لقطہ ہے اور اس پر لقطہ کے تمام احکام جاری ہوں گے  ۔  (  [9])

مساجد

سوال      حدیثِ پاک میں جنت کی کیاریاں کسے فرمایا گیاہے ؟

جواب     حضورنبیٔ کریم ، رءوف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے مسجدوں کو جنت کی کیاریاں فرمایا ہے ۔  (  [10])

سوال      حضرت سَیِّدُنا عیسیٰ رُوْحُ اللہ عَلَیْہِ السَّلَام نے اپنا  گھر کونسی جگہ کوقراردیا ؟

 



[1]     فتاوی قاضی خان ، کتاب اللقطة ، ۲ /  ۳۵۶ ، ملتقطاً ۔

[2]     البحر الرائق ، کتاب اللقطة ، ۵ /  ۲۵۵-۲۵۶ ، ملخصاً ۔

[3]     البحر الرائق ومنحة الخالق ، کتاب اللقطة ، ۵ / ۲۵۶ ، ملتقطاً ۔

[4]     در مختار ، کتاب اللقطۃ ، ۶ / ۴۲۵ ، بہار شریعت ، حصہ۱۰ ، ۲ /  ۴۷۶ ۔

[5]     بہار شریعت ، حصہ۱۰ ، ۲ /  ۴٨٣ ۔

[6]     البحر الرائق ، کتاب اللقطۃ ، ۵ / ۲۶۵ ، بہار شریعت ، حصہ۱۰ ، ۲ /  ۴۸۲ ۔

[7]     بہار شریعت ، حصہ۱۰ ، ۲ /  ۴٧٥ ۔

[8]     فتاوی تاتار خانیہ ، کتاب اللقطة ، الفصل الثانی فی تعریف اللقطة ۔ ۔ ۔ الخ ، ۵ /  ۵۹۴ ، بہار شریعت ، حصہ۱۰ ، ۲ / ۴۸٣ ۔

[9]     فتاوی قاضی خان ، کتاب البیع ، فصل فیما یدخل فی بیع المنقول من غیر ذکر ، ۱ /  ۳۹۰ ماخوذا ۔

[10]     ترمذی ، کتاب الدعوات ، باب۸۲ ، ۵ /  ۳۰۴ ، حدیث : ۳۵۲۰ ۔



Total Pages: 122

Go To