Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

جواب     عید ، بقر عید یا ایّامِ تشریق میں نفلی روزہ رکھ کر قصدًا توڑنے سے اس کی قضاء واجب نہیں ہوتی بلکہ اس روزہ کا توڑ دینا واجب ہے ۔  (  [1])

سوال      وہ کون ہے جسے ماہِ رمضان میں رمضان کے علاوہ دوسرا روزہ رکھناصحیح ہے ؟

جواب     مسافر اورمریض کو ماہِ رمضان میں رمضان کے علاوہ دوسرا روزہ رکھناصحیح ہے ۔  (  [2])

سوال      روزے کی حالت میں ناک میں اسپرے کرنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟

جواب     اگر اپنا روزہ دار ہونا معلوم ہونے کے باوجود اس نے ایسا کیا تو اس صورت میں اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا اوراس پر اس روزہ کی قضا یعنی اس روزہ کے بدلے میں ایک اور روزہ لازم ہوگا ۔  (  [3])

سوال      حدیثِ پاک میں کن چیزوں  سے روزہ افطارکرنے کی ترغیب آئی ہے ؟

جواب     حضورتاجدارِدوجہان صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا :  جب تم میں کوئی روزہ اِفْطار کرے توکھجوریاچھوہارے سے اِفْطار کرے کہ وہ بَرکَت ہے اور اگر نہ مِلے تو پانی سے کہ وہ پاک کرنے والا ہے ۔  (  [4])

سوال      کس شخص کو روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اوراسے فِدیہ دینے کا حکم ہے  ؟

جواب     وہ بوڑھے افراد جن کی عمر ایسی ہوگئی کہ اب وہ روز بروز کمزور ہی ہوتے جائیں گے ، جب ان میں روزہ رکھنے کی طاقت نہ رہے اور نہ انہیں آئندہ روزے کی طاقت آنے کی امید ہو تو اب انہیں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے ، لہٰذا ہر روزے کے بدلے میں ”فدیہ“ یعنی دونوں وقت ایک مسکین کو پیٹ بھر کھانا کھلانا اُس پر واجب ہے یا ہر روزے کے بدلے ایک صدقۂ فطر کی مقدار مسکین کو دے دیں ۔  (  [5])

سوال      کن دنوں میں روزہ رکھنا منع ہے اور یہ کیوں  منع ہے ؟

جواب     پانچ دنوں میں روزہ رکھنا منع ہے ، چار دن عید الاضحیٰ کے (  10سے 13ذی الحجہ) اور ایک دن عید الفطر کا ۔  کیونکہ یہ دن اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی طرف سے بندوں کی دعوت کے ہیں ۔  (  [6])

سوال      جس دن سفر پر روانہ ہونا ہے کیا اس دن روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے ؟

جواب     اگر سفر کا آغاز دن میں کرنا ہے تو اس دن کا روزہ چھوڑنا جائز نہیں البتہ اگر دورانِ سفر روزہ توڑ دیا تو کفّارہ لازِم نہیں آئے گا مگر گُناہ ضرور ہوگا اور روزہ قَضا کرنا فرض رہے گا ۔  (  [7])

سوال      کسی نے غروبِ آفتاب سے پہلے کل کے روزے کی نیّت کی پھر بے ہوش ہوگیا اورضحوۂ کُبریٰ کے بعد ہوش آیا تو کیا اس کا روزہ ہوجائے گا؟

جواب     نہیں ہوگا کیونکہ ادائے روزۂ رمضان ، نذرِ مُعَیَّن اور نفلی روزوں کے لیے نیّت کا وقت غروبِ آفتاب سے ضحوۂ کُبریٰ تک ہے اس وقت کے اندر جب بھی نیّت کر لے روزہ ہوجائے گاجبکہ اس شخص نے آفتاب ڈوبنے سے پہلے نیّت کی تھی لہٰذا یہ روزہ نہ ہوا اگر آفتاب ڈوبنے کے بعد نیّت کرتا تو ہوجاتا  ۔  (  [8])

سوال      اگر کسی شخص نے ایک ملک میں روزہ شروع کیا اور اِفطار سے پہلے کسی دوسرے ملک پہنچ گیا تو وہ  افطارکب کرے گا؟

جواب     اس صورت میں وہ شخص جس ملک میں موجود ہے اسی کے وقت کے حساب سے افطار کرے گا ۔  (  [9])

سوال      اگر آنسو منہ میں چلے گئے اور انہیں نگل لیا تو روزہ ٹوٹے گا یا نہیں؟

جواب     اگر قطرہ دو قطرہ ہے تو روزہ نہ ٹوٹا اور زیادہ تھا کہ اس کی نمکینی پورے منہ میں محسوس ہوئی تو روزہ ٹوٹ گیا ۔  پسینہ کا بھی یہی حکم ہے ۔  (  [10])

سوال      کیا شوگر کا مریض روزے کی حالت میں انسولین کا اِنجکشن لگوا سکتا ہے ؟

جواب     حالتِ روزہ میں انسولین کا انجکشن لگاناجائزہے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ۔   (  یونہی عام انجکشن چاہے  رَگ میں لگایا جائے یا گوشت میں اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا) کیونکہ عمومی طور پر انجکشن کی سوئی جوف  (  معدہ یا معدہ تک جانے والے راستوں کے اندرونی حصے ) یا دماغ تک نہیں پہنچائی جاتی لہٰذایہ انجکشن روزہ ٹوٹنے کا سبب نہیں  ۔  [11])

 



[1]     درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الصوم ، باب مایفسد الصوم وما لا یفسدہ ، فصل فی العوارض ، ۳ /  ۴۷۴ ۔

[2]     فتاوی خانیہ ، کتاب الصوم ، الفصل الثانی فی النیة ، ۱ /  ۹۷ ، ماخوذاً ۔

[3]     فتاوی اہلسنت ، قسط ۹ ، ص۱۸-۱۹ ، ملخصاً ۔

[4]     ترمذی ، کتاب الصوم ، باب ماجاء ما یستحب علیہ الافطار ، ۲ /  ۱۴۲ ، حدیث : ۶۵۸ ۔

[5]     درمختار ، کتاب الصوم ، باب مایفسد الصوم وما لا یفسدہ ، فصل فی العوارض ، ۳ /  ۴۷۱ ۔

[6]     فتاوی رضویہ ، ۱۰ /  ۳۵۱ ، ماخوذ اً ۔

[7]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصوم ، الباب الخامس  فی الاعذار التی تبیح الافطار ، ۱ /  ۲۰۶ ، فیضان رمضان ، ص۱۴۴ ۔

[8]     فتاوی  خانیہ ، کتاب الصوم ، الفصل الثانی فی النیة ، ۱ /  ۹۷ ، بہارشریعت ، حصہ۵ ، ۱ /  ۹۶۷ ۔

[9]     فتاویٰ اہلسنّت ، قسط ۹ ، ص۲۱ ، ماخوذ اً ۔

[10]     خلاصة الفتاوی ، کتاب الصوم ، الفصل الثالث فیما یفسد الصوم وفیمالایفسد ، ۱ /  ۲۵۳ ۔

[11]     فتاویٰ اہلسنت ، قسط ۹ ، ص۱۰ ۔



Total Pages: 122

Go To