Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

ایک ایک رگ میں پیوست ہو جائے ، پھر کوئی طاقتور شخص اس ٹہنی کو اپنی پوری قوت سے کھینچے تو اس ٹہنی کی زد میں آنے والی ہر چیز کٹ جائے اور جو زد میں نہ آئے وہ بچ جائے  ۔  (  [1])

سوال      کسی کی حالتِ نزع میں کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہئے ؟

جواب     جان کنی کی حالت میں جب تک روح گلے کو نہ آئی اسے تلقین کریں ، تلقین کرنے والا کوئی نیک شخص ہو ، ایسے وقت نیک اور پرہیزگار لوگوں کااُس کے پاس  ہونا بہت اچھاہے اور اس وقت وہاں سورۂ يٰس شریف کی تلاوت اور خوشبو ہونا مستحب ہے ، مثلاً لوبان یا اگر کی بتیاں سلگا دیں ۔  مکان میں کوئی تصویر یا  کُتّا نہ ہو ، اگر یہ چیزیں ہوں تو فوراً نکال دی جائیں کہ جہاں یہ ہوتی ہیں رحمت کے فرشتے نہیں آتے ، اس کی نزع کے وقت اپنے اور اس کے ليے دُعائے خیر کرتے رہیں ، کوئی بُرا کلمہ زبان سے نہ نکالیں کہ اس وقت جو کچھ کہا جاتا ہے ملائکہ اس پر آمین کہتے ہیں ۔  (  [2])

سوال      میت کی آنکھیں بند کرتے وقت کونسی دعا پڑھنی چاہئے ؟

جواب     بِسْمِ اللہِ وَعَلٰی مِلَّۃِ رَسُوْلِ اللہِ اَللّٰھُمَّ یَسِّرْ عَلَیْہِ اَمْرَہٗ وَسَھِّلْ عَلَیْہِ مَا بَعْدَہٗ وَاَسْعِدْہٗ بِلِقَآئِکَ وَاجْعَلْ مَا خَرَجَ اِلَیْہِ خَیْرًا مِّمَّا خَرَجَ عَنْـہُ ترجمہ : اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے نام کے ساتھ اور رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ملّت پر ۔  اے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ !  تو اس کے کام کو اس پر آسان  فرما ، اس کے بعد والے معاملے کو اس پرآسان بنا ، اپنی ملاقات سے اسے نیک بخت بنا اور جس  (  آخرت) کی طرف یہ گیا ہے  اس کو اِس  (  دنیا) سے بہتر کر جس سے نکلاہے ۔  (  [3])

سوال      کیا موت کوبھی موت آئے گی؟

جواب     جی ہاں !  جب جنتی جنت میں اور جہنمی جہنم میں چلے جائیں گے تواس وقت موت کوجنت اور جہنم کے درمیان مینڈھے کی شکل میں لاکر ذبح کردیاجائے گا ۔  (  [4])

میت کا غسل اور کفن

سوال      میّت کوغسل دینے کے لیے مشرق ومغرب کی سمت لِٹائیں یا  شمال وجنوب ؟

جواب     ہر طرح درست ہے ، اَصَح مذہب کے مطابق اس بارے میں کوئی تعیین وقید نہیں لہٰذاجو صورت میسّر ہو اُس پر عمل کریں ۔  (  [5])

سوال      میت کو غسل دیتے وقت کلی کس طرح کروائی جائے ؟

جواب     میت کو غسل دیتے وقت نہ کلی کروائی جائے اور نہ ہی ناک میں پانی ڈالا جائے ۔ ہاں کوئی کپڑا یا روئی بھگو کر دانتوں ، مسوڑھوں ، ہونٹوں اور نتھنوں پر پھیر دیں ۔  (  [6])

سوال      میت کے بال کاٹنا یا کنگھی کرنا کیسا؟

جواب     میّت کی داڑھی یا سر کے بالوں میں کنگھا کرنا یا ناخن تراشنا یا کسی جگہ کے بال مونڈنا ، کترنا یا اُکھاڑنا ناجائز و مکروہِ تحریمی ہے بلکہ حکم یہ ہے کہ جس حالت پر ہے اُسی حالت میں دفن کر دیں ، ہاں اگر ناخن ٹوٹا ہو تو لے سکتے ہیں اور اگر ناخن یا بال تراش ليے تو کفن میں رکھ دیں ۔  (  [7])

سوال      کیا شوہر اپنی فوت شدہ بیوی کوغسل دے سکتا ہے ؟

جواب     شوہر کا اپنی فوت شدہ بیوی کو غسل دینا ناجائز ہے  ۔  (  [8])

سوال      کیا بیوی اپنے فوت شدہ شوہر کو غسل دے سکتی ہے ؟

جواب     اگر شوہر مرگیا اور عورت عدّتِ وفات میں ہے یا شوہر نے طلاقِ رجعی دی تھی اور ابھی عدت باقی تھی کہ اس کا انتقال ہوگیا تو ان صورتوں میں عورت اپنے شوہر کو غسل دے سکتی ہے کیونکہ ابھی وہ شوہر کی زوجیّت  میں ہے ۔  (  [9])

سوال      بعدِغسل ،  میت کے جسم سے نجاست نکلی  تو کیا غسل  دوبارہ دیا جائے گا؟

جواب     نہیں دیا جائے گا ۔ دوبارہ غسل دینے  کی مطلقاً کسی حال میں حاجت نہیں ، اگر نجاست نکلے تو وہ دھودی جائے ۔  (  [10])

سوال      میت کے چھوڑے  ہوئے  مال میں تقسیم کی کیا ترتیب ہے ؟

 



[1]     احیاء علوم الدین ، کتاب ذکر الموت ومابعدہ ، الباب الثالث ، ۵ / ۲۱۰ ۔

[2]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ /  ۱۵۷ ، بہار شریعت ، حصہ ۴ ، ۱ /  ۸۰۸ ۔

[3]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة الجنازة ، ۳ /  ۹۷ ۔

[4]     بخاری ، کتاب التفسیر ، باب وانذرھم یوم الحسرة ، ۳ /  ۲۷۱ ، حدیث : ۴۷۳۰ ۔

[5]     ماخوذ از فتاویٰ رضویہ ، ۹ /  ۹۱ ۔

[6]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ /  ۱۵۸ ۔

[7]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ /  ۱۵۸ ۔

ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة الجنازة ، مطلب فی القراءة عند المیت ، ۳ /  ۱۰۴ ۔

[8]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة الجنازة ، ۳ /  ۱۰۵ ۔

[9]     درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة الجنازة ، مطلب فی حدیث کل سبب ۔ ۔ ۔ الخ ، ۳ /  ۱۰۶ ۔

[10]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ /  ۱۵۸ ۔



Total Pages: 122

Go To