Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 01

سوال      کیانَس کاانجکشن لگانے یا  ٹیسٹ کیلئے خون نکالنے سے وضو ٹوٹ جائے گا؟

جواب     نس کا انجکشن لگاکر پہلے اوپر کی طرف خون کھینچتے ہیں جو کہ بہنے کی مقدار میں ہوتا ہے لہٰذا وضو ٹوٹ جاتا ہے یونہی سرنج کے ذریعے ٹیسٹ کرنے کے لیے خون نکالنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ یہ بہنے کی مقدار میں ہوتا ہے۔([1])

سوال      کیا گلوکوز وغیرہ کی ڈرپ لگوانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب     گلوکوز وغیرہ کی ڈرپ نس میں لگوانے سے وضو ٹوٹ جائے گا کیوں کہ بہنے کی مقدار میں خون نکل کر نلکی میں آ جاتا ہے۔([2])

سوال      دکھتی آنکھ سے نکلنے والے  آنسوؤں کاکیا حکم ہے ؟

جواب     آنکھ کی بیماری کے سبب جو آنسو بہا وہ ناپاک ہے اور وُضو بھی توڑ دے گا۔([3])

غُسل

سوال                 غُسل کے کتنے فرائض ہیں؟

جواب     غُسل کے تین فرائض ہیں: (1)کلّی کرنا(2)ناک میں پانی چڑھانا(3)تمام ظاہری  بدن پر  پانی بہانا۔([4])

سوال                 ’’ تمام ظاہری بدن پر پانی بہانا  ‘‘ سے کیا مراد ہے؟

جواب                اس سے مراد یہ ہے کہ سر کے بالوں سے لے کر پاؤں کے تلووں تک جسم کے ہر پُرزے اور ہر رونگٹے پر پانی بہہ جائے ، اگر ایک ذرہ بھر جگہ یا کسی بال کی نوک بھی پانی بہنے سے رہ گئی تو غُسل نہ ہوگا۔([5])

سوال                 مَرد کے بال اگر گُندھے ہوئے ہوں تو غُسل کس طرح ہو گا؟

جواب     اگر مرد کے سر کے بال گُندھےہوئے ہوں تو انہیں کھول کر جڑ سے نوک تک پانی بہانا فرض ہے ۔([6])

سوال                 اگر ناخن پر نیل پالش لگی ہوئی ہو توکیا غسل ہو جائے گا ؟

جواب     اگر نیل پالش ناخنوں پر لگی ہوئی ہے تو اس کا چھڑانا فرض ہے ورنہ غسل نہیں ہو گا ۔([7])

سوال                 اگر ہاتھ میں سِیاہی کی تہ لگی رہ جائے تو کیا غسل ہو جائے گا؟

جواب     پکانے والے کے ناخن میں آ ٹا ، لکھنے والے کے ناخن میں سیاہی کا جِرْم ،  عام لوگوں کے لیے مکھی ، مچھر کی بیٹ لگی ہوئی رہ گئی اور توجُّہ نہ رہی تو غسل ہو جائے گا ،  ہاں معلوم ہو جانے کے بعد جدا کرنا اور اس جگہ کا دھونا ضروری ہے پہلے جو نَماز پڑھی وہ ہو گئی ۔([8])

سوال             بہتے پانی میں غسل کا کیا طریقہ ہے؟

جواب   اگر بہتے پانی مثلًا دریا یا نہر میں غسل کیا تو تھوڑی دیر اس میں رُکنے سے تین بار دھونے ، ترتیب اور وضو یہ سب سنّتیں ادا ہو گئیں۔([9])

سوال             عورت کے بال اگر گُندھے ہوئے ہوں تو اس کے لیے کیاحکم ہے؟

جواب   عورت پر صرف بالوں کی جَڑ تر کر لینا ضروری ہے کھولنا ضروری نہیں ، ہاں اگر چوٹی اتنی سخت گُندھی ہوئی ہو کہ بے کھولے جڑیں تر نہ ہوں گی تو کھولنا ضروری ہے ۔([10])

سوال             جن پر غسل فرض ہو کیا وہ اَذان کا جواب دے سکتے ہیں؟

جواب   جن پر غسل فرض ہو ان کو اذان کا جواب دینا جائز ہے۔([11])

سوال             ناپاکی کی حالت میں درود شریف پڑھ سکتے ہیں ؟

جواب   جن پرغسل فرض ہو ان کو درود شریف اور دعائیں پڑھنے میں حَرج نہیں ،  مگر بہتر یہ ہے کہ وضو یا کُلّی کر کے پڑھیں۔([12])

سوال             ایسے دن غسل  فرض ہوا جس دن غسل کرنا سنت یا مُستَحب ہے تو کیا اسے فَرض کے ساتھ دوسرا غسل الگ سے کرنا ہوگا؟

جواب جس پر چند غُسل ہوں مثلًاً عید بھی ہے اور جمعہ کا دن بھی مزید فرض غسل بھی ہو تو تینوں کی نیت کر کے ایک غسل کر لیا ، سب ادا ہو گئے اور سب کا ثواب ملے گا ۔([13])

 



3   نماز کے احکام، ص۲۶-۲۷ ۔

4   نماز کے احکام ، ص۲۶۔

5   در  مختار و رد المحتار، کتاب الطھارۃ، ۱/ ۲۹۰۔

1   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب الثانی فی الغسل، الفصل الاول فی فرائضۃ، ۱/۱۳۔

2   فتاویٰ رضویہ، ۱/۴۴۳-۴۴۴، ملتقطاً۔

3   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب الثانی فی الغسل، الفصل الاول،  ۱/۱۳۔

4   نماز کے احکام ، ص۱۰۶۔

1   فتاوی رضویہ، ۱/۴۵۵۔

2   در مختار ورد المحتار، کتاب الطھارۃ ، ۱/۳۲۰-۳۲۱۔بہارِ شریعت، حصہ ۲، ۱/۳۲۰، ملتقطاً۔

3   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب الثانی فی الغسل، الفصل الاول،  ۱/۱۳۔

4   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب السادس، الفصل الرابع، ۱/۳۸۔

5   بہارِ شریعت، حصہ ۲، ۱/۳۲۷۔

1   رد المحتار، کتاب الطھارۃ، مطلب: یوم عرفۃ افضل    الخ، ۱/۳۴۱۔



Total Pages: 99

Go To