Book Name:Islam Ki Bunyadi Batain Part 03

سوال …:                     نمازِ عید کا طریقہ کیا ہے؟

جواب …:            نمازِ عید کا طریقہ یہ ہے:  

٭…  سب سے پہلے نمازی کو چاہیے کہ اس طرح نیت کرے:  

میں نیت کرتا ہوں دو رکعت نمازِ عیدالفطر (یا عیدالاضحی) کی، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے، واسطے اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  کے، (مقتدی یہ بھی کہے:  پیچھے اس امام کے) منہ طرف قبلہ شریف۔

٭…  پھر کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائے اور اَللهُ اَکْبَر کہہ کر حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لے۔

٭… ثنا پڑھے۔

٭…  پھر کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائے اور اَللهُ اَکْبَر کہتے ہوئے لٹکا دے۔

٭…  پھر کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائے اور اَللهُ اَکْبَر کہہ کر لٹکا دے۔

٭…  پھر کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائے اور اَللهُ اَکْبَر کہہ کر حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لے۔

(یعنی پہلی تکبیر کے بعد ہاتھ باندھے اس کے بعد دوسری اور تیسری تکبیر میں لٹکائے اور چوتھی میں ہاتھ باندھ لے۔ اس کو یوں یاد رکھے کہ جہاں قیام میں تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں ہاتھ باندھنے ہیں اور جہاں نہیں پڑھنا وہاں ہاتھ لٹکانے ہیں )

٭…  پھر امام تعوذ اور تسمیہ آہستہ پڑھ کر الحمد شریف اور سورت بلندآواز کے ساتھ پڑھے، پھر رکوع وسجود وغیرہ کر کے پہلی رکعت مکمل کر لے۔

٭…   پھر دوسری رکعت میں پہلے الحمد شریف اور سورت جہر کے ساتھ پڑھے۔

٭…  پھر تین بار کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھا کر اَللهُ اَکْبَر کہے اور ہاتھ نہ باندھے اور چوتھی بار بغیر ہاتھ اٹھائے اَللهُ اَکْبَر کہتے ہوئے رکوع میں جائے۔

٭…  باقی نماز دوسری نمازوں کی طرح پوری کرے، سلام پھیرنے کے بعد امام دو خطبے پڑھے۔ پھر دعا مانگے پہلے خطبے کو شروع کرنے سے پہلے امام نو بار اور دوسرے سے پہلے سات بار اور منبر سے اترنے سے پہلے چودہ بار اَللهُ اَکْبَر  آہستہ سے کہے کہ یہ سنت ہے۔

٭…٭…٭

نمازِ جنازہ

تجہیز و تکفین

سوال …:                    نمازِ جنازہ سے قبل کیا میت کے لیے کوئی خاص اہتمام کیا جاتا ہے؟

جواب …:            جی ہاں !  نمازِ جنازہ سے قبل میت کی تجہیز و تکفین کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

سوال …:                     تجہیز و تکفین سے کیا مراد ہے؟

جواب …:            تجہیز سے مراد میت کو غسل وغیرہ دینااور تکفین سے مراد میت کو کفن پہنانا ہے۔

سوال …:                     غسل میت کے فرائض بتائیں ؟

جواب …:              ایک بار سار ے بدن پر پانی بہانا فرض ہے اور تین بار سنت۔

غسل میت کا طریقہ

سوال …:                     غسل میت کا طریقہ بتائیں ؟

جواب …:                       غسل میت کا طریقہ یہ ہے:

٭…  اگر بتیاں یا لوبان جلا کر تین، پانچ یا سات بار غسل کے تختے کو دھونی دیں یعنی اتنی بار تختے کے گرد پھرائیں ۔

٭…  تختے پر میت کو اس طرح لٹائیں جیسے قبر میں لٹاتے ہیں ۔

٭…  ناف سے گھٹنوں سمیت کپڑے سے چھپا دیں ۔ )[1](

٭…  نہلانے والا اپنے ہاتھ پر کپڑا لپیٹ کر استنجا کروائے (یعنی پانی سے دھوئے) ۔

 



[1]    آج کل غسل کے دوران سفید کپڑا اوڑاھتے ہیں،   پانی لگنے سے بے پردگی ہوتی ہے،   لہٰذا کتھئی یا گہرے رنگ کا اتنا موٹا کپڑا ہو کہ پانی پڑنے سے ستر نہ چمکے،   کپڑے کی دو تہیں کر لیں تو زیادہ بہتر۔



Total Pages: 146

Go To