Book Name:Faizan e Syed Ahmed Kabir Rafae

آپ کے ملفوظات

حضرت سَیِّدُنا امام احمد کبیر رفاعی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی اپنے مُریدین و مُحبّین کی حُسنِ تربیت کے لئے وقتاً فوقتا ًشریعت و طریقت کے بہترین رہنما اصول بھی بیان کرتے رہے ۔آئیے !ان کےچند ملفوظات مُلاحظہ کیجئے۔

1.  جو اپنے اوپر غیر ضروری باتوں کو لازم کرتاہے وہ  ضروری باتوں کو بھی ضائع کردیتا ہے ۔

2.  مخلوق کو اپنے ترازو میں مت تولو بلکہ اپنے آپ کو مومنین کے ترازو میں تولو تاکہ تم ان کی فضیلت اور اپنی مُحتاجی جان سکو ۔

3.  جوشخص یہ خیال کرے کہ اس کے اعمال اسے رَبِِّ قدیر عَزَّ   وَجَلَّ تک پہنچادیں گےتو اس نے اپنا راستہ کھو دیا ۔(اپنے اعمال کے بجائے رحمتِ الہٰی پر نظر کرے ۔)

4.  اللہ عَزَّ  وَجَلَّ سے وہی اُنسیت رکھ سکتاہے جو کامل درجہ کی طہارت رکھتاہو ۔

5.  اللہ عَزَّ  وَجَلَّ غوث و قطب کو غیبوں پر مُطَّلَع فرمادیتاہے پس جو بھی درخت اُ  گتا ہےاور پتَّا سر سبز ہوتاہے تو وہ سب جان لیتے ہیں  ۔

6.  جو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ پر توکُّل کرتاہے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ اس کے دل میں حکمت داخل فرماتاہےاورہر مشکل گھڑی میں اسے کافی ہوجاتاہے۔

7.  کتنےہی خوش ہونےوالےایسے ہیں کہ ان کی خوشی ان کے لئے مصیبت بن جاتی ہےاور کتنے ہی غمگین ایسے ہیں کہ ان کا غم ان کے لئے باعثِ نجات بن جاتاہے ۔

 

 



Total Pages: 34

Go To