Book Name:Miraat-ul-Manajeeh Sharah Mishkaat-ul-Masabeeh jild 2

۲؎ یعنی شام تک تیری حاجتیں پوری کروں گا،تیری مصیبتیں دفع کروں گا۔خلاصہ یہ کہ تو اول دن میں اپنا دل میرےلیئے فارغ کردے میں آخر دن تک تیرا دل غموں سے فارغ رکھوں گا۔سبحان اﷲ!دل کی فراغت بڑی نعمت ہے۔دوسری روایت میں ہے کہ جو اﷲ کا ہوجاتا ہے اﷲ اس کا ہوجاتا ہے،یہ حدیث اس کی شرح ہے۔

1314 -[6] وَرَوَاهُ أَبُو دَاوُدَ وَالدَّارِمِيُّ عَنْ نُعَيْمِ بْنِ همار الْغَطَفَانِي وَأحمد عَنْهُم

اور دارمی نے نعیم ابن ہمار غطفانی سے روایت کی اور احمد نے ان سب سے۔

1315 -[7]

وَعَن بُرَيْدَة قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «فِي الْإِنْسَانِ ثَلَاثُمِائَةٍ وَسِتُّونَ مَفْصِلًا فَعَلَيْهِ أَنْ يَتَصَدَّقَ عَنْ كُلِّ مَفْصِلٍ مِنْهُ بِصَدَقَةٍ» قَالُوا: وَمَنْ يُطِيقُ ذَلِكَ يَا نَبِيَّ اللَّهِ؟ قَالَ: «النُّخَاعَةُ فِي الْمَسْجِدِ تَدْفِنُهَا وَالشَّيْءُ تُنَحِّيهِ عَنِ الطَّرِيقِ فَإِنْ لَمْ تَجِدْ فَرَكْعَتَا الضُّحَى تُجْزِئُكَ» . رَوَاهُ  أَبُو دَاوُدَ

روایت ہے حضرت بریدہ سے  ۱؎  فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ انسان میں تین سو ساٹھ جوڑہیں ۲؎ اس پر لازم ہے کہ ہرجوڑ کی طرف سے ایک صدقہ دے لوگوں نے عرض کیا یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم یہ طاقت کس میں ہے۳؎ فرمایا مسجد کا تھوک دفن کردو،تکلیف دہ چیز رستے سے ہٹاد و۴؎  اگر یہ نہ پاؤ تو چاشت کی دو  رکعتیں تمہیں کافی ہیں ۵؎ (ابوداؤد)

۱؎  آپ مشہور صحابی ہیں،آپ کا نام بریدہ ابن حصیب اسلمی ہے۔حق یہ ہے کہ عین ہجرت کی حالت میں راستہ میں ایمان لائے،بصرہ میں قیام رہا،خراساں کے جہادوں میں شریک رہے،یزید ابن معاویہ کے زمانہ میں مقام مرو میں  ۷۲ھ ؁میں وفات پائی۔شیخ فرماتے ہیں کہ مرو میں آپ کی قبرکی زیارت ہوتی ہے برکتیں حاصل کی جاتیں ہیں۔

۲؎  ان میں سے آدھے جوڑ حرکت کرتے رہتے ہیں،آدھے ساکن رہتے ہیں اگر حرکت والے ساکن ہوجائیں یا ساکن متحرک ہوجائیں تو جسم کا نظام بگڑ جائے،انسان کی زندگی دشوار ہوجائے۔(مرقاۃ)

۳؎ یعنی روزانہ تین سو ساٹھ صدقے کرنا عوام تو کیا خاص کی طاقت سے باہر ہے لہذا یہ شکریہ قریبًا ناممکن ہے اور رب تعالٰی فرماتا ہے کہ ہم طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتے۔

۴؎ یعنی صدقے سے مراد مالی خیرات ہی نہیں بلکہ نفلی نیکیاں مراد ہیں کیونکہ ہر نیکی پر صدقہ کا ثواب ملتا ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ حدیث میں علیہ وجوب یا لزوم کےلیئے نہیں،چونکہ مسجد کی صفائی راستہ کی صفائی سے افضل ہے اس لیے پہلے اس کا ذکر فرمایا۔ہرمسلمان کو یہ کام کرنے چاہیں کام معمولی ہیں مگر ان پر ثواب بڑا ہے۔

۵؎ یہاں ضحیٰسے مراد چاشت کے نفل ہیں یعنی دو رکعت پڑھ لینے سے تین سو ساٹھ جوڑوں کا شکریہ ادا ہوجاتا ہے۔اس روشن کلام سے معلوم ہورہا ہے کہ مسجد کی صفائی،راستوں سے تکلیف دہ چیزوں کا ہٹانا ان نوافل سے افضل ہے کیونکہ دونفل پڑھنا آسان ہیں مگر وہ کام نفس پرگراں ہیں اور اگر کوئی یہ نفل بھی پڑھا کرے اور یہ کام بھی کیا کرے تو زہے نصیب۔امام جعفر فرماتے ہیں کہ ا ﷲ تعالٰی نے آنکھ میں کھاری پانی رکھا ہے تاکہ آنکھ کی چربی محفوظ رہے پگھل نہ جائے،کان کے پردے میں کڑوا پن رکھا تاکہ کوئی کیڑا اس راستہ سے دماغ میں نہ جائے،ناک کے نتھنوں میں گرمی رکھی تاکہ ہوا صاف ہو کر دماغ میں پہنچے۔(مرقاۃ)

1316 -[8]

وَعَنْ أَنَسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ صَلَّى الضُّحَى ثِنْتَيْ عَشْرَةَ رَكْعَةً بَنَى اللَّهُ لَهُ قَصْرًا مَنْ ذَهَبٍ فِي الْجَنَّةِ» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَابْنُ مَاجَهْ وَقَالَ التِّرْمِذِيُّ: هَذَا حَدِيثٌ غَرِيبٌ لَا نَعْرِفُهُ إِلَّا مِنْ هَذَا الْوَجْهِ

روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جو چاشت کی بارہ رکعتیں پڑھ لے تو اﷲ اس کےلیئے جنت میں سونے کا محل بنائے گا ۱؎(ترمذی،ابن ماجہ) ترمذی فرماتے ہیں کہ یہ حدیث غریب ہے جسے ہم صرف اس اسناد سے پہنچانتے ہیں ۲؎

 



Total Pages: 519

Go To