Ramazan Ki Amad Marhaba

Book Name:Ramazan Ki Amad Marhaba

نگاہیں نیچی کئے خُوب کان لگا کر بَیان سُنُوںگی۔ ٹیک لگا کر بیٹھنے کے بجائے عِلْمِ دِیْن کی تَعْظِیم کی خاطِر جہاں تک ہو سکا دو زانو بیٹھوں گی۔ضَرورَتاً سِمَٹ سَرَک کر دوسری اسلامی بہنوں کے لئے جگہ کُشادہ کروں گی۔دھکّا وغیرہ لگا تو صبر کروں گی، گُھورنے،جِھڑکنےاوراُلجھنے سے بچوں گی۔صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ، اُذْکُرُوااللّٰـہَ، تُوبُوْا اِلَی اللّٰـہِ  وغیرہ سُن  کر ثواب کمانے اور صدا لگانے والی کی دل جُوئی کے لئےپست آواز سے جواب دوں گی۔اجتماع کے بعد خُود آگے بڑھ کر سَلَام و مُصَافَحَہ اور اِنْفِرادی کوشش کروں گی۔ دورانِ بیان موبائل کے غیر ضروری استعمال سے بچوں گی، نہ بیان ریکارڈ کروں گی نہ ہی اور کسی قسم کی آواز  کہ  اِس کی اجازت نہیں ،جو کچھ سنوں گی، اسے سن   اور سمجھ   کر اس پہ عمل کرنے اور اسے بعد میں دوسروں تک پہنچا   کر نیکی کی دعوت عام کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ  عَلٰی مُحَمَّد

اے عاشقانِ رسول اسلامی بہنو!مَدَنی یعنی قَمَری مہینوں میں رَمَضانُ المبارَک کو جو اَہَمِّیَّت و فضیلت حاصِل ہے وہ کسی بھی عقلمند سے ڈَھکی چُھپی نہیں،یہی وہ عظیمُ الشَّان مہینا ہے،جس کاعاشقانِ رَمَضان کو پُورا سال اِنتظار رہتاہے۔اِس مبارَک مہینے کے آتے ہی مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑجاتی ہے، مسلمانوں میں عبادت کا ذَوق و شَوق پہلے سے بڑھ جاتا اور گناہوں کا زور کَم ہوجاتاہے، سَحَری  و اِفطاری کی رونقیں دیکھ کر دل باغ باغ ہوجاتا ہے،خوش نصیب مسلمان سُنّت کی ادائیگی کی نِیَّت سے تراویح کی ادائیگی میں مصروف ہوجاتے ہیں،ذِکْرو دُرُود کی کثرت کی جاتی ہے،راہِ خدا میں خَرْچ کرنے کا جذبہ بڑھ جاتا ہے،غریبوں اور مسکینوں کی مالی مدد(Help) کی جاتی ہے اور اِس کے عِلاوہ بہت سے نیک کام سَراَنجام دئیے جاتے ہیں۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہ یہی وہ بَرَکتوں والا مہینا ہے جس کے فضائل و بَرکات نبیِّ اکرم  صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنی زبانِ مبارَک سے بَیان  فرمائے ہیں ،چنانچہ

اِسْتِقْبالِ رَمَضَان اور خُطبۂ مَحبوبِ رَحمٰن