Book Name:Ashabe Khaf Ka Waqiya

اللہ تعالٰی کے نیک بندوں سے محبت کی برکت

حضرت سَیِّدُنا اِمام ابو عبدُاللہ محمد بن اَحمد قرطبی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:جب نیک بندوں اور اولیائے کرام عَلَیْہِم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِالسَّلام کی صحبت میں رہنے کی برکت سے ایک کُتّا اتنا بلند مقام پا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے ا س کا ذکر قرآنِ پاک میں فرما یا تو اس مسلمان کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے جو اولیائے کرام عَلَیْہِم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِالسَّلام اور نیک بندوں  سے محبت کرنے والا اور ان کی صحبت سے فیضیاب ہونے والا ہے بلکہ اس آیت میں ان مسلمانوں کے لئے تسلّی ہے جو کسی بلند مقام پر فائز نہیں۔(1)یعنی ان کیلئے تسلّی ہے کہ وہ اپنی اس محبت و عقیدت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کامیاب ہوں گے۔(2)

خاک مجھ میں کمال رکھا ہے           مُرشِدی نے سنبھال رکھا ہے

                                   میرے عیبوں پہ ڈال کر پردہ      مجھ کو اچھوں میں ڈال رکھا ہے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                        صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ہمیں بھی چاہئے کہ اللہ والوں سے خُوب خُوب عقیدت و محبت رکھیں اور اس کے ساتھ ساتھ اُن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے نماز روزے کی پابندی کریں نیز اچھے اعمال اختیار کرتے ہوئے بُرے اعمال سے ہر دَم خود کو بچانے کی بھرپور عملی کوشش جاری رکھیں۔ خاص طور پر اللہ  والوں کی بے اَدبی ،دُشمنی اور عداوت سے دُور رہیں، کیونکہ اس کا انجام بہت بُرا ہے:حدیثِ قُدسی میں ہے،اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  فرماتا ہے:مَنْ عَادَى لِي وَلِيًّا فَقَدْ اٰذَنْتُهُ بِالحَرْبِجس نے میرے کسی ولی سے دُشمنی کی میں اس سے اعلانِ جنگ کرتا ہوں۔(3)

مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ

1… تفسیر قرطبی، پ۱۵،الکھف، تحت الآیۃ: ۱۸،الجزء۱۰،۵/۲۶۹

2 صِراطُ الجِنان،پ۱۵،الکہف،تحت الآیۃ:۱۸، ۵/۵۵۰

3 بخاری،کتاب الرقاق،باب التواضع...الخ،۴/ ۲۴۸،حدیث: ۶۵۰۲