اجتِماعی قُربانی

اجتِماعی قُربانی کا گوشت وَزن کر کے تقسیم کرناہو گا

اگرشرکت میں گائے کی قُربانی کی تو ضَروری ہے کہ گوشْتْ وَزْن کر کے تقسیم کیاجائے، اندازے سے تقسیم کرنا جائز نہیں ، کریں گے تو گنہگار ہوں گے ۔بخوشی ایک دوسرے کو کم زیادہ مُعاف کر دینا کافی نہیں ۔(مُلَخَّص ازبہارِ شریعت ج۳ص۳۳۵ ) ہاں اگر سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں کہ مل کر ہی بانٹیں گے اور کھائیں گے یاشُرَکاء اپنا اپنا حصّہ لینا نہیں چاہتے ، ایسی صورت میں وَزْن کرنے کی حاجت نہیں ۔

اندازے سے گوشت تقسیم کرنے کے دو حِیلے

اگرشُرَکاء اپنا اپنا حصّہ لے جانا چاہتے ہوں تو وَزْن کرنے کی مَشَقَّت سے بچنے کیلئے یہ دو حیلے کر سکتے ہیں :{۱} ذَبْح کے بعد اِس گائے کا سارا گوشت ایک ایسے بالِغ مسلمان کوہِبہ (یعنی تحفۃً مالِک)کردیں جو ان کی قربانی میں شریک نہ ہو اوراب وہ اندازے سے سب میں تقسیم کرسکتاہے {۲}دوسرا حِیلہاس سے بھی آسان ہے جیسا کہ فُقَہائے کرام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام فرماتے ہیں :گوشْتْ تقسیم کرتے وَقْت اس میں کوئی دوسری جِنْس (مَثَلاً کلیجی مغز وغیرہ ) شامل کی جائے تو بھی اندازے سے تقسیم کر سکتے ہیں۔(دُرِّمُختار ج ۹ ص ۵۲۷) اگر کئی چیزیں ڈالی ہیں تو ہر ایک میں سے ٹکڑا ٹکڑا دینا لازمی نہیں ۔گوشْتْ کے ساتھ صِرْف ایک چیز دینابھی کافی ہے۔ مَثَلاً ،تلّی، کلیجی ،سری پائے ڈالے ہیں تو گوشْتْ کے ساتھ کسی کو تلّی دیدی، کسی کو کلیجی کا ٹکڑا ، کسی کو پایہ، کسی کو سری۔ اگر ساری چیزوں میں سے ٹکڑا ٹکڑا دیناچاہیں تب بھی حَرَج نہیں ۔

قُربانی کے گوشت کے تین حصّے

قربانی کا گوشْتْ خود بھی کھا سکتا ہے اور دوسرے شخص غنی (یعنی مالدار)یا فقیر کو دے سکتا ہے کِھلا سکتا ہے بلکہ اس میں سے کچھ کھا لینا قربانی کرنے والے کے لیے مُستحب ہے۔ بہتر یہ ہے کہ گوشْتْ کے تین حصّے کرے ایک حصّہ فُقَراء کے لیے اور ایک حصّہ دوست و اَحباب کے لیے اور ایک حصّہ اپنے گھر والوں کے لیے۔(عالمگیری ج۵ص۳۰۰) اگر سارا گوشْتْ خود ہی رکھ لیا تب بھی کوئی گناہ نہیں ۔ میرے آقااعلیٰ حضرت ، امام احمد رضاخان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں :تین حصّے کرنا صِرْف اِسْتِحْبابِی اَمر ہے کچھ ضَروری نہیں ، چا ہے توسب اپنے صَرْف (یعنی استعمال )میں کر لے یا سب عزیزوں قریبوں کو دے دے،یا سب مساکین کو بانٹ دے۔(فتاوٰی رضویہ ج۲۰ص۲۵۳)

وَصیّت کی قُربانی کے گوشت کا مسئَلہ

مَنّت یا مرحوم کی وصیَّت پر کی جانے والی قُربانی کا سب گوشت فُقَراء اور مساکین کو صَدَقہ کرنا واجِب ہے نہ خود کھائے نہ مالداروں کو دے۔ ( ماخوذ از بہارِ شریعت ج۳ص۳۴۵)

Share