Book Name:Yadgari e Ummat Per Lakhon Salam
جِبریل(عَلَیْہِ السَّلام)نے ميرے پاس حاضر ہوکر عرض کی:آپ کا رَبّ کریم ارشاد فرماتا ہے: اےمحمد(صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ )!کیاتم اِس بات پرراضی نہیں کہ تمہارااُمَّتی تم پر ایک بار دُرُود بھیجے،میں اُس پر دس رَحمتیں اُتاروں اور آپ کی اُمَّت میں سےجوکوئی ایک سلام بھیجے، میں اُس پر دس سلام بھیجوں۔
(مشکاۃ،کتاب الصلاۃ ،باب الصلاۃ علی النبی وفضلھا، ۱/۱۸۹، حدیث: ۹۲۸ ملتقطا)
حکیمُ الاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: رَبّ (کریم) کے سلام بھیجنے سے مُرادیا تو بذرِیعۂ مَلائکہ(فرشتوں کے ذریعے)اسے سلام کہلوانا ہے یا آفتوں اور مُصیبتوں سے سلامت رکھنا(ہے) ۔
(مرآۃ المناجیح، ۲/۱۰۲)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
فرمانِ مصطفےٰ صَلّی اللہُ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم:اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّۃُ الصَّادِقَۃُ سچی نیت سب سے افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے! ٭عِلْم حاصل کرنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا ٭ با اَدب بیٹھوں گا ٭دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا ٭اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا ٭جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد