Book Name:Aarzi Thikana

بڑے بول بولنا *ڈینگیں مارنا *سَر کشی کرنا ہم مٹی کے انسانوں کو زیب نہیں دیتا۔ ہم اس دُنیا میں آئے ہیں، ہمارا یہاں آنے کا ایک مقصد ہے، اس مقصد کو پُورا کریں، اس دُنیا میں دِل نہ لگائیں۔

گھر نہ بنانے کی انوکھی وجہ

ایک مرتبہ اللہ پاک کے نبی حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام کا کسی پہاڑ کے قریب سے گزر ہوا، آپ نے دیکھا کہ ایک بوڑھا آدمی ہے، پہاڑ(Mountain) کے قریب اللہ پاک کی عِبَادت میں مَصْرُوف ہے۔ آپ نے اس بوڑھے عابِد سے پوچھا: اے شخص! تُو نے اپنے لئے گھر کیوں نہیں بنایا، اس کے ذریعے تو سردی گرمی سے بچ جاتا؟ اس بُوڑھے عِبادت گزار نے بہت ہی پیارا جواب دیا، کہا: اے اللہ پاک کے نبی عَلَیْہِ السَّلام ! میں آپ سے پہلے نبیوں کی خِدْمت میں حاضِر رہا ہوں، انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ میں اس دُنیا میں 700 سال سے زیادہ عرصہ زِندہ نہیں رہ سکوں گا۔ بس میری عقل نے گوارا نہ کیا کہ اتنی کم مُدَّت کے لئے میں اللہ پاک کی عبادت چھوڑ کر گھر بنانے میں لگ جاؤں۔ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام نے فرمایا: عنقریب ایک قوم آئے گی،ان کی عمریں 100 سال سے زیادہ نہ ہو سکیں گی، پِھر بھی وہ لوگ بڑے بڑے محلّات بنائیں گے۔([1])

اللہُ اکبر! 700 سال کی زندگی...!! اتنا لمبا عرصہ....!! اور پیاری سوچ دیکھئے! بزرگ سوچ رہے ہیں آخر تو مرنا ہی ہے، پِھر یہاں گھر بنانے کا کیا فائدہ، وقت کم ہے، چلو اللہ پاک کی عِبَادت کرتے ہیں...!


 

 



[1]...حکایات و قصص ، یاتی فی آخر الزمان امۃ لاتجاوز...الخ، الحکایۃ:50، صفحہ:71۔