Book Name:Faizan e Imam Hasan Basri

خالِد بن صَفْوان رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے فرمایا : حقیقی سردار حضرت حَسَن بَصْری رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ ہی ہیں کیونکہ لوگ عِلْمِ دین سیکھنے میں اِن کے محتاج ہیں مگر امام حَسَن بَصْری رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کسی بندے کے محتاج نہیں۔خُدا کی قسم ! میں نے بَصْرَہ کا کوئی عزّت دار ( Dignitary )  ایسا نہیں دیکھا جو امام حَسَن بَصْری رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی خدمت میں حاضِری کی خواہش نہ رکھتا ہو ، سب اِن کا وَعْظ سننے کی خواہش کرتے ہیں ، اِن کی خدمت میں حاضِری کو ترستے ہیں۔

یہ سُن کر حَجَّاج بن یُوسُف بولا : وَاللہ  ( یعنی اللہ پاک کی قسم ) ! یہی اَصْل سرداری ہے۔ ( [1] )   

عِلْمِ دِین سردار بنا دیتا ہے

پیارے اسلامی بھائیو ! واقعی سچ ہے عِلْمِ دِین اور اس پر عَمَل یہ 2چیزیں جس انسان میں جمع ہو جائیں ، اسے سردار بنا دیتی ہیں۔صحابئ رسول حضرت اَنَس بن مالِک رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ، مُعَلِّمِ کائنات ، فخرِ موجودات صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : بے شک عِلْمِ دین عزّت والے آدمی کی شرافت  ( Nobility )  میں اضافہ کرتا اور غُلاموں کو بادشاہوں کی مَجْلِس میں بٹھا دیتا ہے۔ ( [2] )    

اللہ پاک ہمیں بھی عِلْمِ دین سیکھنے اور اِخْلاص کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

زندگی ہو مِری پروانے کی صورت يا ربّ !

دور دنیا کا میرے دم سے اندھیرا ہوجائے    عِلم کی شمع سے ہو مجھ کو محبّت یارَبّ !

ہر جگہ میرے چمکنے سے اجالا ہو جائے ( [3] )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب !                                                صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]... جامع بیان العلم و فضلہ ، جلد : 1 ، صفحہ : 242 ، رقم : 332 ۔

[2]... حلیۃ الاولیاء ، جلد : 6 ، صفحہ : 185 ، رقم : 8235۔

[3]... کلیات اقبال ، بانگ درا ، حصَّہ اوَّل ، صفحہ : 65۔