Book Name:Quran Aur Farooq e Azam

شانِ فاروقِ اعظم بزبانِ قرآن

پیارے اسلامی بھائیو!  قرآنِ کریم کی 20 آیات وہ بھی ہیں جن میں اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی شان و عظمت بیان کی گئی۔ آئیے! اِن آیات میں سے صِرْف 2 آیات سُنتے ہیں اور اگر 20 کی 20 آیات کی تفصیلی معلومات حاصِل کرنا چاہیں تو اس کے لئے مکتبۃ المدینہ کی کتاب “ فیضانِ فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ “ پڑھ لیجئے۔

(1) : فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نیک  مومن ہیں

 سُلْطَانُ الْمُفَسِّرِیْن حضرت عبد اللہ بن عبَّاس رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ فرماتے ہیں : ایک روز پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کسی مُعَامَلے میں فِکْر مند تھے ، حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نے عرض کیا : یارسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! فِکْر کی کیا بات ہے ، اللہ پاک آپ کے ساتھ ہے ، فرشتے آپ کے ساتھ ہیں ، حضرت جبرائیل ، حضرت میکائیل عَلَیْہِمَا  السَّلَام آپ کے ساتھ ہیں ، حضرت ابو بکر صدیق رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ آپ کے ساتھ ہیں ، میں بھی حاضِر خِدْمت ہوں ، سارے مسلمان آپ کے ساتھ ہیں۔

حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نے جب اپنے محبوب آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی دِل جُوئی کا اہتمام کیا تو اللہ پاک نے فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی تَصْدِیْق میں یہ آیتِ کریمہ نازِل فرمائی  اور ارشاد ہوا : ([1])           

فَاِنَّ اللّٰهَ هُوَ مَوْلٰىهُ وَ جِبْرِیْلُ وَ صَالِحُ الْمُؤْمِنِیْنَۚ- (پارہ28 ، سورۃالتحریم : 4)

ترجمہ کنزُ العِرفان : تو بیشک اللہ خود اُن کا مددگار ہے اور جبریل اور نیک ایمان والے۔


 

 



[1]...مُسْلِم ، کتابُ : الطَّلاق ، باب : فِی الْاِیْلاء ، صفحہ : 563 ، حدیث : 1479۔