Book Name:Dukhyari Ummat Ki Khairkhuwahi

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

       پیاری پیاری اسلامی بہنو!آپ نےسنا کہ امیرُالمؤمنین فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ نےکس طرح نبیِّ اکرم صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی دُکھیاری اُمّت کے ایک پریشان حال کی خیرخواہی فرمائی ، اپنی نگرانی میں آگ روشن کروائی ، اپنے ہاتھوں سے ہانڈی چڑھائی اور کھانے کی سیٹنگ بنائی ، پھر خود ہی کھانا نکال کر اپنی زوجَۂ محترمہ کےذریعے اُس عورت کیلئے بھیج کر ان کی مشکل آسان فرمائی۔

       یاد رہے!یہ وہی  فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ  ہیں جن کے سائے  سےشیطان بھی  بھاگتاہے۔ (بخاری ،  کتاب فضائل اصحاب النبی ، باب  مناقب عمر بن الخطاب ، ۲ / ۵۲۶ ، حدیث :  ۳۶۸۳)یہ وہی  فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ  ہیں جن کوحضورنبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنی زبانِ مبارَک سےجنّتی ہونےکی خوشخبری) (Good Newsعطا فرمائی۔ (بُخاری ، ۲ / ۵۲۵ ، حدیث : ۳۶۷۹)یہ وہی فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ  ہیں جن کے بارے میں حُضورِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نےیہ دعا فرمائی تھی : اے اللہ کریم!عُمر بن خطاب کےذریعےاِسلام کوعزّت عطا فرما۔ (ابن ماجہ ، کتاب السنۃ ،  فضل عمر ، ۱ / ۷۷ ، حدیث : ۱۰۵)یہ وہی فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ   ہیں جو یتیموں اور بے سہارا لوگوں کی  بھلائی کیلئے راتوں کو جاگ کر  دورہ فرمایا کرتے تھے۔ یہ وہی فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ ہیں جن کی رائے کے مطابق قرآنِ کریم کی آیاتِ مُبارَکہ اُتریں۔ (تاریخ الخلفاء ،  ص۹۶ ،  الصواعق المحرقۃ ، ص۹۹)یہ وہی فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ ہیں جن کافرمان ہے : لَوْمَاتَتْ شَاةٌ عَلَى شَطِّ الْفُرَاتِ ضَائِعَةً لَظَنَنْتُ اَنَّ اللهَ سَائِلِي عَنْهَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ اگر نہرِ فُرات کےکنارےبکری کا بچہ بھی پیاسا مرگیا تو میں ڈرتا ہوں کہ اللہ پاک مجھ سے اِس کے بارے میں حساب نہ لےلے۔ (حلیۃ الاولیاء  ،  ۱ / ۸۹)  

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد