Book Name:Quran-e-Pak Ki Ahmiyat

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                                                                                 صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

      پیارے پیارے اسلامی بھائیو! ہماری خوش قسمتی ہے کہ رمضان المبارک کا رحمتوں بھرا مہینا ہمارے درمیان جلوہ گر ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ اِس مُبارک مہینے میں کئی عاشقانِ رسول نماز،روزہ ،تراویح  وغیرہ میں مشغول ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح ایک تعداد ہے جو اس مہینے میں کثرت سے تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادتیں پاتی ہے۔ ماہِ رمضان کو قرآنِ پاک سے ایک خاص نسبت حاصل ہے، یہی وہ محترم و مکرم مہینا ہے جس کی شبِ قدر میں قرآنِ پاک لوحِ محفوظ سے آسمانِ دنیا کی طرف نازل کیا گیا۔ (صراط الجنان، ۱۰/۷۷۴) یقیناً قُرآنِ پاک ہمارے لیے اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے،

       بہارِ شریعت میں ہے: بہت سے نبیوں پر اﷲ تعالیٰ نے صحیفے اور آسمانی کتابیں اُتاریں، اُن میں سے چار کتابیں بہت مشہور ہیں: ”تورات“ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام پر، ”زبور“ حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام پر، ”اِنجیل“ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام پر، ”قرآنِ عظیم“ کہ سب سے افضل کتاب ہے، سب سے افضل رسول حضور پُر نور احمدِ مجتبیٰ محمدِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  پر۔ کلامِ الٰہی میں بعض کا بعض سے افضل ہونا اس کے یہ معنی ہیں کہ ہمارے لیے اس میں ثواب زائد ہے، ورنہ اﷲ (پاک) ایک، اُس کا کلام ایک، اُس میں افضل ومفضول کی گنجائش نہیں۔(بہارِ شریعت،۱/۲۹، حصہ اول)

       قرآنِ پاک روشن نُور اورواضح حق ہے۔اللہ کریم نےقرآنِ پاک ساری مخلوق کےسردار، دونوں جہانوں کے تاجدار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپرنازل فرمایا۔ یہ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کا سب سے بڑامعجزہ ہے۔ اِنْ شَآءَاللہ آج ہم اس کی اہمیت، اس کے فضائل وفوائد اور بزرگانِ دِین کے قرآنِ کریم سے محبت کے واقعات کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت سے مدنی پھول سننے کی سَعادَت حاصل کریں گے۔ اے کاش! پورا بیان اچھی اچھی نیّتوں  اور مکمل توجہ کے ساتھ سُننا نصیب ہو جائے۔