Book Name:Faizan-e-Ghous-ul-Azam

محبت و اُلفت اورخیرخواہی و شفقت کے کچھ واقعات بھی بیان کئے جائیں گے۔ یقیناً ایک سچا پیر انسان کا حقیقی رہنما ہوتا ہے اور جو فیض انسان اپنے پیر سے پاسکتا ہے وہ شاید کہیں اور سے ملنا ممکن نہیں ہوتا،اسی لیے غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے کچھ اِرشادات سے بھی ہم رہنمائی لیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ غوثِ پاک کا مُرید ہونے کے فوائد بھی سننے کی سعادت حاصل کریں گے۔  ضمناً کئی اور مدنی پھول بھی بیان کئے جائیں گے۔

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!سرکارِ غوثِ اعظم رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ ایسی پاکیزہ اور بَرگُزِیدَہ شَخْصیَّت ہیں کہ خُودسَیِّدُالْاَنْبیاء، حضرت محمد مُصْطفے ٰ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَاوردیگراَنْبیائےکرامعَلَیْہِمُ السَّلَام اور مُخْتَلِفاَوْلیائے عِظام رَحِمَہُمُ   اللہُ السَّلام نے وِلادَت سے قَبْل  آپ کی وِلایَت کی بِشارتیں دی ہیں۔چُنانچہ مکتبۃ ُالمدینہ کی کتاب ’’غوثِ پاک کے حالات‘‘ میں ہے ۔

 (۱)سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی بِشارت

محبوبِ سُبْحَانی،شیخ عبدُالقادرجِیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے  والدِ ماجد حضرت سَیِّد ابُو صالح مُوسیٰ جنگی دوست رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے حُضُورغوثِ اَعْظم رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کی وِلادَت کی رات مُشَاہَدہ فرمایا کہ سَروَرِ کائنات، فَخْرِمَوْجُودات صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  مع صحابَۂ کرام اور اَولیائےعِظام رِضْوَانُ اللّٰہ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن اِن کے گھر جَلْوہ اَفْروز ہیں اوراِن اَلفاظِ مُبارَکہ سے اُن کوخِطاب فرماکر بِشارت سے نوازا:” اے ابُو صالح !اللہ  پاک نے تم کو ایسا فَرزَنْد(بیٹا) عطا فرمایا ہے جو وَلی ہے اوروہ میرا اور اللہ پاک کا مَحْبُوب ہے اور اس کی اَوْلیاء اور اَقْطاب میں ویسی  ہی شان ہوگی، جیسی اَنْبیا اور مُرسَلین عَلَیْہِمُ السَّلَام میں میری شان ہے۔“ (سیرتِ غوث الثقلین، ص۵۵ بحواله  تفریح الخاطر)