Book Name:Badshogooni Haram Hai

                                                موقع کی مناسبت اور نوعیت کے اعتبار سے نیتوں میں کمی وبیشی وتبدیلی کی جاسکتی ہے۔

نگاہیں نیچی کئے خُوب کان لگا کر بَیان سُنُوںگی۔ ٹیک لگا کر بیٹھنے کے بجائے عِلْمِ دِیْن کی تَعْظِیم کی خاطِر جہاں تک ہو سکا دو زانو بیٹھوں گی۔ضَرورَتاً سِمَٹ سَرَک کر دوسری اسلامی بہنوں کے لئے جگہ کُشادہ کروں گی۔دھکّا وغیرہ لگا تو صبر کروں گی، گُھورنے،جِھڑکنےاوراُلجھنے سے بچوں گی۔صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ، اُذْکُرُوااللّٰـہَ، تُوبُوْا اِلَی اللّٰـہِ  وغیرہ سُن  کر ثواب کمانے اور صدا لگانے والی کی دل جُوئی کے لئےپست آواز سے جواب دوں گی۔اجتماع کے بعد خُود آگے بڑھ کر سَلَام و مُصَافَحَہ اور اِنْفِرادی کوشش کروں گی۔ دورانِ بیان موبائل کے غیر ضروری استعمال سے بچوں گی، نہ بیان ریکارڈ کروں گی نہ ہی اور کسی قسم کی آواز  کہ  اِس کی اجازت نہیں ،جو کچھ سنوں گی، اسے سن   اور سمجھ   کر اس پہ عمل کرنے اور اسے بعد میں دوسروں تک پہنچا   کر نیکی کی دعوت عام کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                             صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

بیان کے مدنی پھول

میٹھی میٹھی اسلامی بہنو!آج میں آپ کے سامنے  بدشُگُونی سے مُتعلِّق مدنی پُھول بیان کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔بدشُگُونی ایسی بیماری  ہے جو ساری دُنیا میں پھیلی ہوئی ہے ۔ میں سب سے پہلے  آپ کے سامنے ایک حکایت  اور اس سے حاصل ہونے والے مدنی پھول پیش کروں گی، اس کے بعد شُگُون کی قِسمیں،قرآنِ پاک کی آیات، احادیثِ مُبارکہ اوراس بارےمیں اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کا مبارک فتویٰ  بھی آپ کے گوش گزار کرنے کی سعادت حاصل کروں گی۔اس کے بعد بدشُگُونی کی چند مثالیں ،بدشُگُونی کے نقصانات  اور بدشُگُونی کا علاج بھی بیان کروں گی۔بیان کے آخر میں عقیقے   سے متعلق مدنی پھول بھی پیش کروں گی۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد