Book Name:Auliya Allah Ki Shan

اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہ ُ السَّلَام  کی مزید شان عظمت  جاننے کیلئے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 5 جلدوں پر مشتمل کتاب اللہ والوں کی باتیں“  کا مطالعہ بے حد مفید ہے، اَلْحَمْدُ  لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ اس کتاب میں بہت سے اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ  السَّلَام  کی زندگی کے نمایاں واقعات، کرامات  ان کے فرامین ،شرعی احکامات کی پاسداری  اور ان کے عُمدہ اوصاف کو بہت جامع اور خوبصورت انداز میں بیان کیا گیا ہے لہٰذا تمام اسلامی بہنو سے مدنی التجا ہے کہ نہ صرف خود اس کتاب کا مُطالعہ کیجئے بلکہ دوسری اسلامی بہنو کو بھی اس کی ترغیب دلائیے،دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اس کتاب کو رِیڈ(یعنی پڑھا)بھی جا سکتا ہے،ڈاؤن لوڈ  (Download)اور پرنٹ آؤٹ (Print Out) بھی کيا جا سکتا ہے۔آئیے اسی کتاب سے اولیائے کرام کی کچھ صفات سُنتے ہیں چنانچہ

اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہ ُ السَّلَام  کے اوصاف

حضرت سیِّدُناذوالنون مصری رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:بے شک اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کی مخلوق میں بعض اس کے بر گز یدہ اور نیک بندے ہیں۔پوچھا گیا: ان کی علامت کیا ہے؟  فرمایا: جب بندہ راحت کو ترک کر کے طاعت وعبادت میں بھر پور کوشش کرے اور قدرو منزلت کے نہ ہونے کو پسند کرے ۔پھر آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اُن اللہ والوں کی شان میں دو شعر پڑھے جن کا ترجمہ ہے:

(۱)قرآن نے اپنے وعدے اور وعید کے ساتھ (اُنہیں)ہر بُرائی سے روک دیا۔رات کو (اُن کی )آنکھوں کی نیند غائب ہوگئی۔(۲)اُنہوں نے کریم بادشاہ (یعنی اللہ عَزَّ  وَجَلَّ )کے کلام کو اس طرح سمجھا کہ اس کے آگے اُن کی گردنیں جھک گئیں۔

       حاضرین میں سے کسی نے عرض کی:اللہ عَزَّ  وَجَلَّ آپ  پر رحم فرمائے ! یہ کون لوگ ہیں؟ آپ  رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ  نے فرمایا:یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے قرآن پاک کو اپنے دلوں پر رکھا تو وہ نرم ہو گئے۔