Book Name:Jannat ki Baharain

جَنّت میں مَوْت نہیں۔ جَنّتی جب جَنّت میں جائیں گے ہر ایک اپنے اَعْمال کی مِقْدار سے مرتبہ پائے گا اور اُس کے فضل کی حَدنہیں۔ اُنہیں دُنیا کے ایک ہفتہ کی مِقْدار کے بعد اِجازت دی جائے گی کہ اپنے پَرْوَرْدگَارعَزَّ  وَجَلَّ  کی زِیارت کریں،عرشِ الٰہی ظاہر ہو گا اور رَبّ(عَزَّ  وَجَلَّ ) جَنّت کے باغوں میں سے ایک باغ میں تجلّی فرمائے گا اور جَنّتیوں کے لیے مِنبر بچھائے جائیں گے،نُورکے مِنْبر،موتی کے مِنْبر، یاقُوت کے مِنْبر، زَبر جَدکے مِنْبر، سونے کے مِنْبر، چاندی کے مِنْبراور اُن میں کا اَدْنیٰ مُشک و کافُور کے ٹِیلے پر بیٹھے گا اور اُن میں اَدْنیٰ کوئی نہیں، اپنے گُمان میں کُرسی والوں کو کچھ اپنے سے بڑھ کر نہ سمجھیں گے اوراللہ  عَزَّ  وَجَلَّ کا دِیدار ایساصاف ہو گا جیسے آفتاب اور چودھویں رات کے چاند کو ہر ایک اپنی اپنی جگہ سے دیکھتا ہے کہ ایک کا دیکھنا دوسرے کے لیے مانِع(رُکاوٹ) نہیں اوراللہ  عَزَّ  وَجَلَّ ہرایک پرتَجَلّی فرمائے گاان میں سے کسی کو فرمائے گا:اے فُلاں بِن فُلاں!تجھے یادہے،جِس دن تُو نے ایساایسا کیا تھا...؟!دُنیا کے بعض مَعاصِی یعنی گُناہ یاد دِلائے گا، بندہ عرض کرے گا: یا رَبّ عَزَّ  وَجَلَّ! کیا تُونے مجھے بخش نہ دیا؟ فرمائے گا: ہاں!میری مَغْفِرَت کی وُسْعَتْ ہی کی وَجہ سے تُو اِس مرتبے کو پہنچا ،وہ سب اِسی حالت میں ہوں گے کہ اَبر چھائے گا اور اُن پر خُوشبُو برسَائے گاکہ اُس کی سی خُوشبُواُن لوگوں نے کبھی نہ پائی تھی اوراللہ عَزَّ  وَجَلَّ  فرمائے گا کہ جاؤ اُس کی طرف جو مَیں نے تُمہارے لئے عزّت تَیّار کر رکھی ہے، جو چاہو لو، پھر لوگ ایک بازارمیں جائیں گے جِسے ملائکہ گھیرے ہوئے ہیں۔ اُس میں وہ چیزیں ہوں گی کہ اُن کی مِثل نہ آنکھوں نے دیکھی نہ کانوں نے سُنی اور نہ ہی قُلُوب پر اُن کا خَطْرہ گُزرا۔ اُس میں سے جو چیز چاہیں گے اُن کے ساتھ کر دی جائے گی اورخریدوفروخت نہ ہو گی،جَنّتی اُس بازارمیں بَاہَم ملیں گے۔چھوٹے مرتبے والا بڑے مَرتبے والے کو دیکھے گا، اُس کا لِبَاس پسند کرے گا، ہُنُوز(ہُ۔نُوز) یعنی ابھی گُفتگو ختم بھی نہ ہو گی کہ خیال کرے گا کہ میرا لِبَاس اِس سے اچھا ہے اور یہ اِس وَجہ سے ہے کہ جَنّت میں کسی کے لیے غم نہیں۔ پھر وہاں سے اپنے اپنے مکانوں کو واپس آئیں گے۔ اُن کی بیبیاں