قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

خوابوں کی دنیا

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا  محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2022

خواب : میری خالہ نے خواب میں  ( 15 سال پہلے فوت ہونے والے ) اپنے مرحوم والد کو دیکھا کہ وہ فوت ہو گئے ہیں ، جب ان کو قبر میں رکھا جاتا ہےتوان کی قبر چھوٹی ہوتی ہے (  یعنی تنگ پڑ جاتی ہے )  اس پر وہ قبر میں ہی اِدھر اُدھر ٹانگیں مارنا شروع کر دیتے ہیں اور میری خالہ سے کہتےہیں : مجھے قبر سےنکالو میری قبر چھوٹی ہے ، اس پر میری خالہ  ( خواب میں )  بہت رونے لگتی ہیں اور ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔

 تعبیر : اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور قبر کی منزل آسان فرمائے۔ فوت شدہ کو بُری حالت میں دیکھنا اچھا نہیں ہوتا البتہ آپ ان کے لئے دعا اور ایصالِ ثواب کریں اور ان کی نمازوں اور روزوں کا فدیہ بھی ادا کردیں۔

خواب : کئی سال پہلے مجھے خواب آیا تھا کہ میرے مرشدِ کریم حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور میں ایک بڑےگراؤنڈ میں اکیلے ہیں ، ہر طرف اندھیرا اور سناٹا تھا ، اچانک بہت تیز ایک روشنی چمکی۔ اس کی تعبیر کیا ہوگی ؟

تعبیر : آپ کا خواب اچھا ہے۔ امیرِ اہلِ سنّت کی برکت ملے گی ، آپ ان کے فرامین پر عمل کرتے رہیں۔ ترقی ، خوشحالی اور نیکی آپ کا مقدّر ہوگی ۔ اِن شآءَ اللہ

خواب : میں اپنےگھرکی سیڑھیوں پرچڑھ رہی تھی کہ اتنے میں میرےمنسوب آ گئے۔ میری نند ان سےکہتی ہے کہ فلاں عورت آپی پر جادو کروا رہی ہے اس کو روک سکتے ہیں تو روک لیجئے ورنہ وہ ہم پرجادو کروادےگی۔ میں یہ سن کر اس عورت کے گھر جانے کے لئے نکلتی ہوں ، راستے میں اس عورت کا بھائی ملتاہے ، میں اس سےمعلوم کرتی ہوں کہ کہاں جارہےہو ؟  وہ کہتا ہے یہ تعویذ لےکر جا رہا ہوں اور تعویذ دکھاتا ہے۔ میں پھر اس عورت کےگھرپہنچ جاتی ہوں۔

تعبیر : خواب کی بنیاد پر کسی کے بارے میں جادو کروانے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا۔ بعض اوقات شیطان مسلمانوں کو آپس میں لڑوانے کیلئے اس طرح کے خواب دکھاتا ہے۔ لہٰذا آپ اس خواب کو اہمیت نہ دیں بلکہ رشتہ کے معاملے میں جو ظاہر ی اسباب اختیار کئے جاتے ہیں ان ہی کے مطابق معاملات طے کرنے چاہئیں۔ البتہ اپنی حفاظت کے لئے وظائف پڑھنا اور تعویذات وغیرہ استعمال کرنا ضرور مفید رہے گا۔ اِن شآءَ اللہ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code