30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
عرضِ مؤلف (مع ترمیم و اضافہ )
الحمدُلِلّٰہ ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول میں ہزاروں خوش نصیب پورے ماہِ رمضان کا اعتکاف کرتے ہیں۔1443ہجری مطابق 2022 عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں عاشقِ رمضان، بانیِ دعوتِ اسلامی، حضرتِ علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے بھی اعتکاف کیا ۔ اِس دوران ایک اسلامی بھائی نے امیرِاہلِ سنّت کی خدمت میں عرض کیا: اگر آپ اِس ماہِ مبارک میں اپنے مبارک ہاتھوں سے روزانہ تاریخ تبدیل فرما کرایک تحریر لکھیں تو یادِ رمضان کاتحریری ’’مَدَنی گلدستہ ‘‘تیار ہوجائے گا۔جِسے سارا سال دیکھ،پڑھ کر رمضانُ المبارک کی یاد تازہ ہوتی رہے گی۔ماشاء اللہ ! آپ نے3 رمضان المبارک 1443 ھ سے روزانہ کچھ مَدَنی پھول لکھنے کا سلسلہ شروع فرمایا۔ یہ رنگین رسالہ بنام ’’یاد ِ رمضان‘‘ اُنہی تحریرات کا مجموعہ ہے۔آپ بھی اِن مدنی پھولوں کی خوشبوسے اپنے دل و دماغ کو مہکائیں بلکہ ہوسکےتو فریم بناکر گھر،آفس میں سجائیں اور عاشقِ رمضان ،امیراہل سنت کی طرح سارا سال ماہِ رمضان کو یادکرکے پڑھتے رہیں: اَللّٰهُمَّ بَلِّغْنَارَمَضَانَ بِصِحَّةٍ وَّ عَافِیَة یعنی! اےاللہ پاک !ہمیں رمضان سےصحت وعافیت کے ساتھ ملا۔ رسالے کا انداز : صفحات کی نمبرنگ ماہِ رمضان کی تاریخیں بھی ہیں یعنی جوتحریر جس تاریخ کی ہے وہی صفحہ نمبر ہے۔ہر صفحے پرLink) / (Barcodeدیاگیا ہے جسے اسکین کرکے اس تاریخ کوہونے والامدنی مذاکرہ دیکھا سنا جاسکتاہے۔عوامی دلچسپی و خیرخواہی کےپیشِ نظر ہر صفحے پر ایک روحانی علاج بھی پیش کیا گیاہے۔ثواب کی نیت سے اس رسالے کو خوب عام کیجئے اور برکتیں حاصل کیجئے۔ (محمد طاہرعطاری عفی عنہ) (2) عجل عجل یا رمضان جان میری تجھ پر قربان آ بھی جا ماہِ سبحان جلدی جلدی آ رمضان جب بھی آتا ہے رمضان جان میں آجاتی ہے جان خوب ہے رمضاں کی بھی شان اس میں اُترا ہے قرآن تجھ میں بخشش کا سامان ہے لارَیب مہِ غُفران گیارہ ماہ کا تو سلطان فضلِ رب سے ہے رَمضان مجھ کو بخش پئے رمضان یا حنّانُ یا مَنّان غم رمضان کا دے رحمٰن اشک بہاؤں میں ہر آن مجھ کو مدینے میں رمضان کاش! میسّر ہو رحمٰن آجا آ بھی جا رمضان تجھ پہ فدا عطار کی جان (3) جس سے بن پڑے وہ مسجد سے کچرا وغیرہ نکال دیا کرے ۔ ابنِ ماجہ کی روایت کے مطابق جو مسجد سے تکلیف دہ چیز نکالے ، اللہ پاک اُس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا ۔ “ (4) اَلحمدُ لِلّٰہ ابھی رات تقریباً سوا دو بجے مدنی مذاکرے سے فراغت ہوئی ۔ اللہ پاک قبول فرمائے ۔ اٰمین ۔ آج کے مدنی مذاکرے سے ایک مدنی پھول : ”مجھے اچھائی کرنے والا اچھا اور بُرائی کرنے والا بُرا لگتا ہے ۔ “ (5) اَلحمدُ لِلّٰہ ابھی ابھی رمضان شریف کے پانچویں روزے کو معمول کے مطابق صبح کے 8 بجے عیادتوں اور تعزیتوں وغیرہ کے اجتماعی پیغامات کی ریکارڈنگ سے فارغ ہوا ہوں ۔ آج کے پیغامات میں بیان ہونے والے مدنی پھولوں میں سے ایک مدنی پھول: امام ابنِ حجر عَسقلانی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : ”دنیا کی مصیبتوں پر صبر کرنا (مسلمان کو ) جنّت کا وارِث بنادیتا ہے ۔ “ (فتح الباری ،ج1، ص 99) (6) اَلحمدُ لِلّٰہ آج رمضان المبارک کا پہلا جمعہ اور چھٹا روزہ ہے ۔ رات ہونے والے مدنی مذاکرے سے ایک مدنی پھول ”سفید لباس میں نماز پڑھنا اور مُردوں کو کفن دینا اچھا ہے ۔ “ (7) اَلحمدُ لِلّٰہ رمضان المبارک میں بعد نمازِ فجر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں روزانہ معتکفین میں کچھ نہ کچھ مدنی پھول پیش کرنے کی سعادت مل رہی ہے ۔ آج آپس میں مُعافی تَلافی کی ترغیب دی گئی ۔ ” مدنی پھول “: فرمانِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم : اللہ پاک مُعاف کردینے سے بندے کی عزت ہی بڑھاتا ہے ۔ “ (مسلم، ص 1071، حدیث: 6592 ) (8) اَلحمدُ لِلّٰہ آج آٹھواں روزہ ہے ، فجر کے بعد بیان کیا جانے والا ایک ”مدنی پھول “ ”نمازی کے آگے سے گزرنا گناہ ہے ، چاہے نابینا ہو یا بینا (یعنی دیکھنے والا ) جس کو بھی نمازی کا پتا چل گیا اب گزرے گا تو گنہگار ہے ۔ “ (9) رَمضانُ المبارک میں جہاں خوش نصیب ننھے مُنّے بچوں کے روزہ رکھنے کی خوشیوں بھری خبریں سُننے کو ملتی ہیں وہیں کئی بدنصیب نوجوانوں کی ایسی خبریں بھی ملتی ہیں جو فرض ہونے کے باوُجود رَمضان شریف کے روزے نہیں رکھتے ۔ اللہ پاک ہدایت فرمائے ۔ اٰمین بِجاہِ خاتَمِ النَّبِیّیْن صلّی اللہُ علیهِ واٰله ٖ وسلّم (10) اَلحمدُ لِلّٰہ آج فجر کے بعد یہ بھی مَدَنی پھول بیان کیا :وتر کا سلام پھیرنے کے بعد کی ایک سُنّت
سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم جب وِتر میں سلام پھیرتے تین بار ” سُبحٰنَ الْمَلِكِ الْقُدّوس “ کہتے اور تیسری بار بُلند آواز سے کہتے ۔ (نسائی ، ص 299، حدیث: 1729) (11) گُزشتہ رات کے مدنی مذاکرے سے ایک ”مدنی پھول“ مریض کی عیادت کو جائیے کہ سُنّت ہے مگر اتنا زیادہ نہ رُکئے کہ مریض پریشان ہو جائے ۔ (12) اَلحمدُ لِلّٰہ آج بعدِ فجر معتکفین کو تلاوت سننے کی ترغیب دیتے ہوئے یہ مدنی پھول بھی دیا: ” تِلاوت سُننے کی فضیلت“: حدیثِ پاک میں ہے: ” جو شخص قرآن شریف کی کوئی آیت سنتا ہے بروزِ قیامت وہ (آیت) اُس کیلئے نور ہو گی۔“ (مسند امام احمد، احیاء العلوم (اردو) ج 1 ص 845) (13)ایک نیکی کی 70 نیکیاں
” جمعہ کو حج ہو تو اُس کا ثواب 70 حج کے برابر ہے ، جمعہ کی ایک نیکی کا ثواب 70 گُنا ہے (چونکہ جمعہ کا شرف بہت زیادہ ہے لہٰذا ) جُمعہ کے روز گناہ کا عذاب بھی 70 گُنا ہے “ (ملخص از مراٰۃ ج2 ص 323-325) (14)روزے دن میں رکھے جانے کی حکمت
اللہ و رسول عزوجل و صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا حکم ہے اِس لئے دن میں روزے رکھے جاتے ہیں ۔ دن میں روزے رکھے جانے کی حکمت بیان کرتے ہوئے مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : ” بدنی عبادت میں محنت اور نفس کی مخالفت چاہئے اِسی پر اَجر ملتا ہے۔ رات میں انسان ویسے ہی نہیں کھاتا پیتا لہٰذا رات میں کھانا پینا چھوڑنا محنت نہیں نیز رات سونے میں گزرتی ہے جس سے (روزے کی ) عبادت کا (بھی ) احساس نہیں ہوتا ۔“ (اسرار الاحکام ص 21 بتغیر قلیل) (15) حضرت امام حسن رضی اللہُ تعالیٰ عنہ (تاریخ ولادت : 15 رمضان شریف) حضرت امام حسن رضی اللہُ عنہ سےسُوال ہوا: بزرگی کیا ہے؟ فرمایا: نقصان کرنے والے کو کچھ عطا کرنا اور قصور وار کو معاف کردینا ۔ (اللہ والوں کی باتیں ج 2 ص 66) (16 ) غصہ آئے تو اُس کو دُور کریں ، غصّے کے مطابق کر نہ گزریں ۔ حضرت جعفر بن محمد رحمۃُ اللہِ علیہما فرماتے ہیں : غصّہ ہر بُرائی کی چابی (Key) ہے ۔ “ (الزواجرج 1، ص 107 ) امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : ”اکثر لوگ غصّے ہی کی وجہ سے جہنّم میں جائیں گے ۔ “ (کیمیائے سعادت ج 2، ص 601 ) (17) نماز کی ایک سنّت : سنّت یہ ہے کہ آدمی بہتر ہیئت (یعنی اچھی حالت ) کے ساتھ نماز کیلئے حاضر ہو کیوں کہ نماز میں ربّ عزوجل سے مُناجات ہے تو اس کیلئے زینت کرنا اور عطر لگانا مستحب ہے ۔ (صراط الجنان ج 3 ص 300) (18 ) ”مسلمان کو ہر تکلیف پر اجر ملتا ہے ۔۔۔ صبر جنت کا خزانہ ہے ۔ “ یا اللہ پاک ماہِ رمضان کا صدقہ مجھے بخش دے ۔ اٰمین (19) ” مغفرت کروانے کا عمل “: حدیثِ پاک میں ہے : بے شک جس شخص نے ستّر ہزار (70,000) بار لَآ اِلٰهَ اِلَّا اللہُ کہا ، اللہ پاک اُس کی مغفرت فرمائے گا اور جس (کے ایصالِ ثواب ) کیلئے یہ کہا گیا اُس کی بھی مغفرت فرمائے گا ۔ “ (مرقاۃ المفاتیح ج 3 ص 222 )(20) ہر آفت سے حفاظت: یا مُہَیْمِنُ 29 بار روزانہ پڑھنے والا اِن شاءَ اللہ الکریم ہر آفت وبلا سے محفوظ رہے گا ۔ (21) اسلام کے چوتھے خلیفہ حضرت مولیٰ علی کے ارشادات: اپنے شہزادے امام حسن رضی اللہُ عنہ سے یہ بھی فرمایا: (1) سب سے بڑی دولت ” عقلمندی“ ہے(2) سب سے بڑی غُربت ” بے وُقُوفی“ ہے۔(مولیٰ علی رضی اللہُ عنہ کے 72 ارشادات ص 15 مکتبۃ المدینہ ) (22)جنّت میں چلے جاؤ!
فرمانِ آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم : ”رحمٰن کی عبادت کرو ، کھانا کھلاؤ ، سلام پھیلاؤ ، جنَّت میں چلے جاؤ۔“ (23) ” ایک مقبول نیکی دنیا کی ساری دولت اور بادشاہت سے بہتر ہے ۔ “ (24) ”عجیب بات سُن کر سُبْحٰنَ اللہ وغیرہ کہے یا خوشخبری پا کر اَلحمدُ لِلّٰہ پڑھے بہرحال ثواب ملے گا کیوں کہ اللہ کانام لینا بہر حال عبادت ہے ۔“ (25)الوداع ماہِ رمضان
” اے لوگو ! تم ماہِ رمضان کی جدائی میں غمگین ہو جاؤ! کیوں کہ یہ ایسا موسِم ہے جس میں تم بارشِ رحمت اور دعاؤں کی قبولیت کی سعادت پاتے ہو“(الروض الفائق ص 40 ملخصاً ) (26)بلاؤں سے حفاظت
یااللہُ 100 بار سوتے وقت پڑھنے سے ان شاء اللہُ الکریم شریر جنات کی شرارت اور فالج ولقوے کی آفت سے حفاظت ہوگی ۔ آہ رمضان اب جارہا ہے ۔ (27) کہا گیا ہے : ”دوست گنوانے میں اور دشمن بنانے میں جلدی نہیں کرنی چاہئے ۔ “ حسرتا وا حسرتا اے ماہِ رمضاں الوداع (28) ”ماہِ رَمَضان کے آنے پر خوش اور جانے پر غمزدہ ہونا خوش نصیبوں کا حصہ ہے ۔ “