Ijtema Ghousia 2026
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

اجتماعِ غوثیہ 2026

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اجتماعِ غوثیہ

سالانہ بڑی گیارہویں شریف کا سب سے بڑا اجتماعِ غوثیہ گلوبل مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 23 ستمبر 2026ء بمطابق 11 ربیع الآخر بروز بدھ بعد نمازِ عشاء قریباً 08:45 منٹ پر منعقد ہوگا۔

سیرتِ شیخ عبد القادر الجیلانی کے محاسن و اوصاف کا بیان محفل کا انعقاد اور روحانی سلسلہ قادری کی پہچان ہے۔ ہر دور کے اولیاء، علماء اور اہل طریقت راہِ سلوک میں امام المشائخ غوثِ اعظم شیخ جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو ہی اپنا پیشوا مانتے ہیں۔ اپنے شیخ کے یومِ وصال پر محافل و اجتماعات منعقد کرکے محاسنِ شیخ، سیرت و تعلیمات کو بیان کرنا، ایصالِ ثواب کا اہتمام کرنا اور لنگر تقسیم کرنا، گیارہویں منانے کا اصل مقصد یہی ہے۔

حضرت عبدالقادر جیلانی کی تعلیماتِ تصوف نے شریعت کو ہی اصل ماخذ مانا اور آپ نے شریعتِ اسلامیہ کے مطابق اپنے زمانے میں مصطفوی انقلاب بپا کیا۔ سیرتِ غوثِ پاک کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ آپ نے نبی کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے دین کو لوگوں کی ظاہری و باطنی زندگی میں زندہ کیا۔ احیائے سنت کی تحریک چلائی، وقت کے حکمرانوں کی دینی تربیت کی، اخلاقِ حسنہ عام کیا، راہزنوں کو راہِ ہدایت دکھائی، معاشرے میں رائج فرسودہ روایتوں کا قلع قمع کیا اور افراد سازی و کردار سازی کے ذریعے شریعتِ اسلامیہ کو کماحقہ نافذ کرکے محی الدین کے لقب سے ملقب ہوئے۔

شیخ عبدالقادر المعروف غوث الاغواث کی تعلیمات سے متاثر ہوکر ہزاروں گم کردہ راہ افراد وقت کے دینی و سماجی رہنما بنے۔ جب آپ کی ولایت کا چرچا عام ہوا تو وقت کے قطب و ابدال نے آپ کی ولایت کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ آپ کے دستِ حق پر بیعت ہوئے۔ آپ کی دینی و اخلاقی تربیت کے دوررس نتائج نے بغداد اور اسلامی سلطنت کے طول و عرض میں گہرے نقوش ثبت کیے۔

آج آٹھ سے زیادہ صدیاں گزر چکی ہیں لیکن تذکرۂ غوثیہ میں ذرا برابر کمی نہیں آئی، بلکہ آپ کی اصلاحی و روحانی تحریک کے کامیاب اثرات بالعموم دنیا بھر میں اور بالخصوص عالمِ اسلام کی عظیم دینی تحریک دعوتِ اسلامی میں نمایاں نظر آتے ہیں۔ دعوتِ اسلامی فیضانِ غوثیت کی وہ حقیقی جھلک ہے جو دنیا بھر میں سلسلہ قادری کے روحانی اثرات سے معاشرے میں دینی انقلاب بپا کر رہی ہے۔ دعوتِ اسلامی نہ صرف ربیع الآخر میں بلکہ پورا سال شیخ عبدالقادر جیلانی کی سیرت بیان کرکے گیارہویں شریف مناتی ہے؛ بالخصوص ربیع الآخر کے پہلے عشرے میں قطب الاقطاب شیخ الگیلانی عبدالقادر جیلانی کی سیرت، روحانی تصرفات، کمالات اور احیائے دین کے لیے آپ کی دینی و اصلاحی جدوجہد سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لیے مدنی مذاکرے کا علمی سلسلہ بھی منعقد کرتی ہے اور خاص طور پر ربیع الآخر کی گیارہ تاریخ کو عرسِ غوثِ اعظم، اجتماعِ غوثیہ کے نام سے مناتی ہے۔

ہر سال کی طرح امسال 1448ھ میں ربیع الآخر کی گیارہ تاریخ بمطابق 23 ستمبر 2026ء بروز بدھ بعد نمازِ عشاء اجتماعِ غوثیہ کا آغاز عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 08:45 پر ہوگا۔ وقتِ مناسب پر عالمِ اسلام کی روحانی و علمی شخصیت امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس قادری اپنے شیخ سید عبدالقادر غوثِ جیلانی کی سیرت اور آپ کی تعلیمات کو بیان کریں گے۔ علمِ طریقت و شریعت کی باتیں مدنی مذاکرے کے ذریعے دلوں میں اتاری جائیں گی، اور پھر آخر میں فاتحہ خوانی اور لنگرِ غوثیہ کا اہتمام ہوگا۔

غوثِ پاک کی بڑی گیارہویں عالمی مدنی مرکز میں امیرِ اہلِ سنت کے ساتھ منائیے اور سلسلہ قادری کے روحانی فیض سے مالامال ہویئے!