نیکی کیا ہے؟

آؤ بچو! حدیث رسول سنتے ہیں

نیکی کیا ہے؟

*مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ مئی 2024ء

ہمارے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: كُلُّ مَعْرُوفٍ صَدَقَة یعنی ہر نیکی صدقہ ہے۔

(بخاری، 4/105، حدیث: 6021)

آپ نے لفظِ” نیکی“ سنا ہوگا، آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ نیکی کسے کہتے ہیں، نیکی کیا ہوتی ہے۔ نیکی کو عربی زبان میں معروف کہتے ہیں۔ شرح طیبی میں ہے: ہر وہ عمل نیکی ہے جس سے اللہ پاک کی فرماں برداری اور قرب حاصل ہو۔ یعنی نیکی ایسا اچھا عمل ہے کہ جب لوگ اسے دیکھیں تو اس کے نیکی ہونے کا انکار نہ کریں۔ مثلاً لوگوں سے اچھا سلوک کرنا اور خندہ پیشانی سے ملاقات کرنا وغیرہ۔(شرح طیبی، 4/117، تحت الحدیث: 1893) یعنی ہر اچھے کام کا ثواب مال صدقہ کرنے والے کے ثواب کی طرح ہے۔

(الدیباج للسیوطی،ج3، ص77، تحت الحدیث: 1005)

 پیارے بچو! اس تفصیل کے مطابق نیکی کا معنی و مفہوم بہت وسیع ہے لہٰذا ہم کوشش کریں تو بہت سارے نیکی کے کام کرکے ہم صدقے کا ثواب حاصل کر سکتے ہیں۔ بہت ساری آسان نیکیاں کر کے ہم اپنے رب کو راضی کر سکتے ہیں۔ ہم آپ کو چند ایسے اچھے کام بتا تے ہیں جن پر عمل کر کے آپ صدقے کا ثواب حاصل کر سکتے ہیں۔ مثلاً جب کسی سے ملیں تو مسکرا کر اچھے انداز میں ملاقات کیجئے، یوں ہی کمزور اور بوڑھے افراد کی مدد کرنا، کسی نابینا کو راستہ بتانا یا روڈ پار کروانا، گھر کے کام کاج میں اپنی امی آپی وغیرہ کا ہاتھ بٹانا،اپنے امی ابو کی خدمت کرنا، ان کے ہاتھ پاؤں دبانا،اس طرح کے جتنے بھی اچھے اچھے کام ہیں وہ سب نیکی ہی کے کام ہیں اور سب بچوں کو کرنے چاہئیں، جب آپ نیکیاں کریں گے تو اللہ پاک راضی ہوگا اور جنت ملے گی۔اِن شآءَ اللہ

اللہ پاک ہمیں نیکی کے کام کرتے رہنے اور گناہوں سے بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code