Share this link via
Personality Websites!
اجتماعیت کے ساتھ درودِ پاک پڑھنے کے علیحدہ سے فضائل ہیں۔ شیخ شعیب حَرِیْفِیْش رحمۃُ اللہ علیہ لکھتے ہیں: جس اجتماع میں درودِ پاک پڑھا جاتا ہے، وہاں سے پاکیزہ خُوشبُو پُھوٹتی ہے، یہاں تک کہ وہ آسمان کی بلندی تک پہنچ جاتی ہے، فِرشتے کہتے ہیں: یہ اُس اِجْتماع کی خوشبو ہے جس میں مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم پر درودِ پاک پڑھا گیا ہے۔([1])
سُبْحٰنَ اللہ! درودِپاک کی برکات پر بھی قربان...!! ساتھ ہی ساتھ فرشتوں کے عشقِ رسول پر بھی ہزار جانیں فِدا...!! کیسا باکمال عشق ہے، بندے نے جو درودِ پاک پڑھا، اس درود شریف سے کس قسم کی خُوشبو نکلتی ہے، فرشتے اس خُوشبو کی بھی پہچان رکھتے ہیں۔ اس سے یہ بھی پتا چلا کہ ذِکْر اَذْکار، نعت، بیان وغیرہ تمام اچھے کلمات کی خُوشبو ہوتی ہے مگر قربان جائیے! درودِ پاک کی خُوشبو سب سے جُدا، ممتاز اور علیحدہ شان والی ہوتی ہے۔ اللہ پاک ہمیں تنہائی میں بھی اور اجتماعی طور پر بھی کثرتِ درود شریف کی توفیق نصیب فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔
جس کی خوشبو بہارِ خُلد بسائے ہے وہ محبوبِ گُل عِذار دُرود
سر سے پا تک کروڑ بار سلام اور سراپا پہ بے شمار دُرود
شہریارِ رُسُل کی نذْر کروں سب درُودَوں کی تاجدار درُود([2])
آئیے! اجتماعی طَور پر مِل جُل کر ایک مرتبہ درود شریف پڑھ لیتے ہیں:
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد
BOOK TOPIC
©Copyright 2026 by I.T. Department of Dawat-e-Islami