Book Name:Haftawar Ijtema
الحمدُ لِلّٰہ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
بعض صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان سے مروی ہے کہ جس اجتماع میں حضور سیِّدُ المرسلین، خَاتَمُ المعصُومِین صلی اللہ علیہ و اٰلہ ٖوسلم پر درودِ پاک پڑھا جاتا ہے وہاں سے پاکیزہ خوشبو بلند ہو کر آسمان کی بلندی تک جاتی ہے فرشتے اس خوشبو کو سونگھ کر کہتے ہیں: یہ اُس اجتماع کی خوشبو ہے جس میں محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و اٰلہ ٖوسلم پر درود پڑھا گیاہے۔ ([1])
صلّوا علی الحبیب صلّی اللہ علیٰ محمد
صحابیِ رسول کی ہفتہ وار محفلِ وعظ
حضرت ابو وائل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ہر جمعرات لوگوں کو وعظ ونصیحت فرمایا کرتے ،ایک بار کسی شخص نے عرض کی کہ اے ابو عبدالرَّحمٰن میں چاہتا ہوں کہ آپ ہر روز ہمیں نصیحت کیا کریں تو حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے جواباً اِرشاد فرمایا : مجھے اِس کام سے اِس بات نے روک رکھا ہے کہ کہیں آپ اکتاہٹ کا شکار نہ ہو جائیں ۔ میں بھی آپ لوگوں کو ویسے ہی نصیحت کرتا ہوں جیسے نبیِ پاک صاحبِ لولاک صلی اللہ علیہ و اٰلہ ٖوسلم ہم پر اکتاہٹ کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے ہمیں وعظ و نصیحت فرمایا کرتے تھے۔ ([2])