Subha Kis Hal Me Ki?

Book Name:Subha Kis Hal Me Ki?

تمہیں اپنی نیکی خوش کرے اور اپنی برائی غمگین کرے تو تم کامل مومن ہو۔([1])ایک اور حدیث پاک ہے کہ حضور نبی اکرم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا:مَنْ سَرَّتْهُ حَسَنَتُهُ وَسَاءَتْهُ سَيِّئَتُهُ فَذٰلِكَ الْمُؤْمِنُ یعنی جس کو اس کی نیکی خوش کرے اور اس کی برائی غمگین کرے تو وہ (کامِل) مومن ہے۔([2])سُبْحٰنَ اللہ! اللہ پاک ہمیں ایسی پیاری پیاری کیفیات نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

صُبْح کس حال میں کی...؟

پیارے اسلامی بھائیو! ہم نے حضرت زیدُنِالْخیر  رَضِیَ اللہ عنہ  والی خوبصُورت حدیثِ پاک سُنی، اس پر ذرا غور فرمائیے! حضرت زید  رَضِیَ اللہ عنہ  نے سُوال پوچھا تھا: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم!اللہ پاک کے پسندیدہ اور ناپسندیدہ بندے کی نشانی بتائیے! اس پر آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّمنے ان کو جواب نہیں دیا بلکہ جواب کے طور پر ان سے ایک سُوال پوچھا، وہ سوال کیا تھا؟ کَیْفَ اَصْبَحتَ یَازَیْد! اے زید! تم نے صُبْح کس حال میں کی تھی...؟

رسولِ ذیشان صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے اس پیارے انداز کو ذرا سمجھنے کی کوشش کیجئے! آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے اللہ پاک کا پسندیدہ بندہ یا ناپسندیدہ بندہ ہونے کو صُبْح کی کیفیت کے ساتھ جوڑا ہے۔ یعنی اگر تم یہ دیکھنا چاہتے ہو کہ تم اللہ پاک کے پسندیدہ بندے ہو یا نہیں ہو تو اس کے لئے اپنی صُبْح کی کیفیات پر غور کر لو! یہ کیفیات فیصلہ کریں گی کہ رَبّ کے ہاں تمہارا مقام کیا ہے...؟


 

 



[1]...مسند احمد، تتمہ مسند الانصار، جلد:9، صفحہ:172، حدیث:22802۔

[2]...ترمذی، کتاب الفتن، باب ما جاء فی لزوم الجماعۃ، صفحہ:522، حدیث:2165۔