Book Name:Waqt Bandha Farz
قَالَ اللہ تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی فِی الْقُرْآنِ الْکَرِیْم(اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے):
فَاَقِیْمُوا الصَّلٰوةَۚ-اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا(۱۰۳) (پارہ:5، سورۂ نساء:103)
صَدَقَ اللہ الْعَظِیْم وَ صَدَقَ رَسُوْلُہُ النَّبِیُّ الْکَرِیْم صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان:توحسب ِ معمول نماز قائم کرو بیشک نماز مسلمانوں پر مقررہ وقت میں فرض ہے۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! ابھی چند ہی دِن پہلے ماہِ رمضان کی آمد کی باتیں ہو رہی تھیں، عاشقانِ رمضان مچل رہے تھے کہ بس رمضان کریم آنے ہی والا ہے، تیاریاں کی جا رہی تھیں، اپنے وقت کو نیکیوں میں گزارنے کے لیے شیڈول(Schedule) بنائے جا رہے تھے، نیکیوں پر کمر باندھ لینے کی ترغیب دِلائی جا رہی تھی، پِھر اَلحمدُ لِلّٰہ! ماہِ رمضان کریم بھی تشریف لے آیا مگر آہ! دیکھتے ہی دیکھتے وقتِ رُخصت بھی ہو گیا...!!
آہ! رمضان اَب جا رہا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے
ٹکڑے ٹکڑے مِرا دِل ہوا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے
دیکھ کر چاند میں رَو پڑا تھا سامنے ہجر کا غم کھڑا تھا
جلد رُخصت کا وقت آ گیا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے
کر کے تقسیم بخشش کی اَسناد آہ! رنجیدہ دِل کر کے تُو شاد
سب کو روتا ہوا چھوڑتا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے([1])