Book Name:4 Buraiyon Ke Nishandahi
اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
اَمَّا بَعْدُ! فَاَعُوْذُ بِاللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہ وَعَلٰی آلِکَ وَاَصْحٰبِکَ یَاحَبِیْبَ اللہ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَانَبِیَّ اللہ وَعَلٰی آلِکَ وَاَصْحٰبِکَ یَانُوْرَ اللہ
نَوَیْتُ سُنَّتَ الْاِعْتِکَاف (ترجمہ: میں نے سُنَّت اعتکاف کی نِیَّت کی)
ایک بزرگ جنگل میں سفر کر رہے تھے کہ رات ہو گئی، ہر طرف خوفناک درندے دَندناتے پھر رہے تھے،اِنہیں خوف محسوس ہوا تو اچانک یہ حدیثِ پاک یاد آئی جو ایک مرتبہ دُرُود شریف پڑھتا ہے، اللہ پاک اُس پر 10 رحمتیں نازِل فرماتا ہے۔ اِنہوں نے دُرُود شریف پڑھ لیا اور ایک جگہ سو گئے،ساری رات سکون سے گزاری اور کسی دَرِندے نے اِن کو چُھوا تک نہیں۔پھر (اسی حدیث کے مُتَعَلِّق) اُنہوں نے فرمایا: میں نے اِس لیے دُرُود شریف پڑھا تھا کیونکہ ایک مرتبہ دُرُود شریف پڑھنے والے پر اللہ پاک کی 10رحمتیں نازل ہوتی ہیں اور جب مجھے اللہ پاک کی 10رحمتیں گھیر لیں گی تو بَھلا کس دَرِندے کی مَجال ہے کہ وہ میری طرف آنکھ اُٹھا کر بھی دیکھے۔([1])
پیارے اسلامی بھائیو! یہ سب ایمان کی پختگی پر مُنْحصر ہوتا ہے۔آپ نے اِن بزرگ رحمۃُ اللہ علیہ کے اِیمان کی پختگی ملاحظہ فرمائی جبکہ ہماری حالت یہ ہے کہ ہم اَلحمدُلِلّٰہ! مؤمن تو ہیں لیکن ہماری توجہ ظاہِری اَسباب کی طرف زیادہ ہوتی ہے۔اللہ پاک ہمارا اِیمان بھی پختہ فرمائے ۔