Book Name:Istiqbal e Ramazan
پیارے اسلامی بھائیو!ہمیں بھی چاہئے کہ اس ماہِ مبارک کی برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے اور ربِّ غَفَّار کی بارگاہ سے مغفرت کا انعام حاصل کرنے کے لئے ماہِ رَمَضَان میں خوب عبادت کریں اورنیکیوں کے لئے کمربستہ ہوجائیں ۔زندگی بے حد مُخْتَصَر ہے،لہٰذا ان لمحات کو غنیمت جانیے اورماہِ رَمَضَان کی مقدّس گھڑیوں کو فُضُولیات و خُرافات میں برباد کرنےکے بجائے، تلاوتِ قُرآن ، ذِکر و دُرُود اوردیگر نیک کاموں میں گُزارنے کی کوشِش کیجئے۔
آئیے!احتِرامِ ماہِ رَمَضَانُ الْمُبَارَک کا دل میں جذبہ بڑھانے، اس کی خوب برکتیں پانے، ڈھیروں ڈھیر نیکیاں کمانے اور خود کو گناہوں سے بچانے کیلئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والےپورے ماہِ رمضان یاآخری عشرے کے اِعتِکاف کی سَعادَت حاصل کرلیجئے۔ اِعتِکاف کی بھی کیا خوب فضیلت ہے ، چنانچہ
اُمُّ الْمُؤمنِین حضرت عائِشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا سے رِوایت ہے کہ سرکارِ ابدقرار،شفیعِ روزِ شمارصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ خوشبُودارہے:مَنِ اعْتَکَفَ اِیْـمَانًا وَّاِحْتِسَابًا غُـفِـرَ لَہ ٗ مَاتَـقَدَّمَ مِنْ ذَنْـبِـہٖ یعنی جس نے ایمان کےساتھ ثواب حاصل کرنے کی نیَّت سے اِعتِکاف کیا، اس کے تمام پچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔(جامع صغیر ص۵۱۶الحدیث۸۴۸۰)
ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اللہ پاک کی رِضاجوئی کیلئے ہروقت کمربَستہ رہتے تھے اورخُصُوصاً رَمَضَان شریف میں عبادت کاخوب ہی اہتِمام فرمایاکرتے۔چُونکہ شبِ قَدْر کو ماہِ رَمَضَان میں پوشیدہ رکھاگیاہے، لہٰذااس مبارَک رات کو تلاش کرنے کیلئے آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ایک بارپورے ماہِ مبارَک کا اعتِکا ف فرمایا،چُنانچِہ