Book Name:Zikr ul Allah Ke 40 Faide
مذاکرے میں فرمایا: پان اینٹی ذِکْر و درود ہے (یعنی پان منہ میں رکھ کر ذِکْر نہیں ہو پاتا)، اس لیے میں پان نہیں کھاتا ۔
سُبْحٰنَ اللہ! اللہ پاک کے نیک بندوں کی نرالی ہی ادائیں ہوتی ہیں۔ اللہ پاک ہمیں بھی توفیق بخشے، ہم فضولیات سے بچیں، زبان کو فضول گوئی سے بچائیں، پان وغیرہ کی عادَت ہے تو اس سے چھٹکارا پائیں اور ہر وقت ذِکْرُ اللہ میں مَصْرُوف رہنے کی عادت اپنا لیں۔
امامِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا ذِکْرِ خیر
پیارے اسلامی بھائیو! 2 شعبان شریف کو امامُ الاَئمّہ، امامِ اعظم امام ابوحنیفہ رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا عرسِ پاک ہے، آئیے! برکت کے لیے آپ کا ذِکْرِ خیر بھی سُن لیتے ہیں:
اِمامِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا مختصر تعارف
سِراجُ الاُمَّه(یعنی اُمّت کے روشن سورج)، اِمَامُ الاَْئِمَّہ (یعنی اماموں کے امام) حضرت اِمامِ اعظم ابوحنیفہ رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا *مُبَارَک نام: نعمان*آپ کے والِدِ صاحب کا نام: ثابِت جبکہ *کنیت: ابوحنیفہ ہے، یوں آپ کا پُورا نام: ابوحنیفہ نعمان بن ثابت ہے*اِمامِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ 70ہجری میں عراق کے مشہور شہر کوفہ میں پیدا ہوئے اور 80 سال کی عمر میں 2 شعبان شریف 150 ہجری کو وفات پائی۔ آپ کا مزار مبارَک بغداد شریف میں ہے۔([1])
امیر اہلسنت دَامَت بَرَکاتہمُ الْعَالِیہ شانِ اِمامِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
ہو نائبِ سرورِ دو عالَم، اِمامِ اعظم ابوحنیفہ!
سراجِ اُمّت فقیہِ اَفْخَم، اِمامِ اعظم ابو حنیفہ!