La Makan Ke Raaz

Book Name:La Makan Ke Raaz

اُس مقامِ قربِ خاص میں مَحْبُوب  و محبّ کے درمیان کیا کیا باتیں ہوئیں؟ حضرت امام جعفر صادِق  رَحمۃُ اللہ علیہ    فرماتے ہیں: سِرُّ الحَبِيبِ مَعَ الحَبِيبِ، وَلَا يَعْرِفُ سِرَّ الحَبِيبِ اِلَّا الحَبِيبُ یعنی یہ مَحْبُوب  و محبّ کے درمیان کے راز (Secrets)تھے اور محبّ کے راز صِرْف و صِرْف مَحْبُوب  ہی جان سکتا ہے۔([1])

قَصْرِ دَنیٰ کے راز میں، عقلیں تَو گم ہیں جیسی ہیں

رُوْحِ   قُدُس   سے   پوچھيے!   تم   نے   بھی   کچھ   سُنا   کہ   یُوں([2])

وضاحت:مقامِ دَنیٰ (یعنی اُس قربِ خاص) میں کیا راز کی باتیں ہوئیں، کیسے کیسے عُلُوم محبوبِ ذیشان  صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  کو عطا کیے گئے، اس بارے میں عقل تو گم ہے، عقل کو تو کچھ سمجھ ہی نہیں آتی، ذرا جبریل  عَلَیْہ ِالسَّلام  ہی سے مَعْلُوم کیجیے! اے فرشتوں کے سردار! اے اٰمِیْن وَحی! حضرت جبریل عَلَیْہِ الْسَّلام! کیا آپ نے کچھ سُنا کہ وہاں کیا کیا راز کی باتیں ہوئی تھیں...؟

3 طرح کے عُلُوم

حدیثِ پاک میں ہے، رسولِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان  صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  نے فرمایا: شبِ معراج رَبِّ کریم نے مجھے مختلف قسم کے عُلُوم عطا فرمائے*ان میں سے بعض عُلُوم تو وہ ہیں  کہ جن کو چھپائے رکھنے کا مجھ سے وعدہ لیا گیا کیونکہ میرے سِوا اِن عُلُوم کو کوئی بھی سمجھ نہیں سکتا*بعض عُلُوم وہ ہیں جن کے مُتَعَلِّق  مجھے اختیار دیا گیا کہ جسے چاہوں، بتا دوں *بعض عُلُوم وہ ہیں جن کی تبلیغ کرنے یعنی ہر خاص و عام کو بتانے کا حکم دیا گیا ہے۔([3])


 

 



[1]... کتاب المعراج، باب فی ذکر الخصائص التی خص بھا نبینا...الخ،  صفحہ:78۔

[2]... حدائقِ بخشش، صفحہ:93۔

[3]... المواہب اللدنیہ، المقصد الخامس الاسریٰ والمعراج،   جلد:2، صفحہ:381 ۔