Book Name:Jammat Se Namaz Parhna
اللہ پاک فرماتا ہے:
وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳)(پارہ :1،البقرہ،43)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالعرفان: اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رُکوع کرو۔
مفسرِ قرآن،مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہ علیہ تفسیر نعیمی میں اس آیت کے تَحْت فرماتے ہیں: یعنی نماز اپنے گھروں میں اکیلے ہی نہ پڑھ لیا کرو بلکہ پنجگانہ جماعت میں شامِل ہو کر نمازیوں کےساتھ ادا کیا کرو تاکہ تم کو دین کی بَرَکتیں اور اَنْوار حاصِل ہوں۔([1])
پانچ نمازوں کو جماعت سے ادا کرنے کی فضیلت
سرکارِ مدینہ، راحتِ قلب وسینہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جس نے فجر کی نماز باجماعت پڑھی، پھر بیٹھ کر اللہ پاک کا ذِکْر کرتا رہا،یہاں تک کہ سُورج نکل آیا اس کے لئے جَنّت الفردوس میں 70 درجے ہوں گے، ہر 2درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہو گا جتنا ایک سَدھایا ہوا (Trained) تیز رفتار عُمدہ نسل کا گھوڑا 70سال میں طَے کرتا ہے اور جس نے ظہر کی نماز باجماعت پڑھی اس کے لئے جَنّتِ عدن میں 50درجے ہوں گے، ہر 2درجوں کے درمیان اتنافاصلہ ہوگا جتنا ایک سدھای ہوا (Trained) تیز رفتار عمدہ نسل کا گھوڑا 50 سال میں طے کرتا ہے اور جس نے عصر کی نماز باجماعت پڑھی اس کے لئے اَوْلادِ اسماعیل میں سے ایسے 8غُلام آزاد کرنے کا ثواب ہو گا جو بَیْتُ الله (یعنی کعبہ شریف) کی دیکھ بھال کرنے والے ہوں گے اور جس نے مغربکی نماز باجماعت پڑھی اس کے لئے حجِ مَبْرور (یعنی مقبول حج) اور مقبول عُمرے کا ثواب ہو گا اور جس نے عشاکی نماز باجماعت پڑھی اس کے لئے لَيْلَةُ الْقَدْر میں قِیام (یعنی عِبَادت) کرنے کے برابر ثواب ہو گا۔([2])