Book Name:Ziada Waqt Nikiyon Men Guzarny Ka Nuskha
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!اس پر فتن دور میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی اصلاحِ اُمّت کے عظیم جذبے کے تحت مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ نیکیوں کی طرف لانے اور گناہوں سے بچانے کے عظیم کام میں مصروفِ عمل ہے لہٰذا آپ بھی دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوجایئے۔ سلام کرنے کے لئے جان پہچان ضَروری نہیں بلکہ کوئی ہمیں جانتا ہو یا نہ جانتا ہو اسے سلام کرناچاہئے ، امیرِاہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سلام عام کرنے کی ترغیب دِلاتے ہوئے نیک عمل نمبر 30میں ارشاد فرماتے ہیں : کیا آج آپ نے گھر ، دفتر ، بس ، ٹرین وغیرہ میں آتے جاتے اور گلیوں سے گُزرتے ہوئے راہ میں کھڑے یا بیٹھے ہوئے مسلمانوں کو سلام کیا؟
سلام کی سنّت پر عمل کرنے والوں کیلئے کثیر فضائل و ثَمَرات کی خوشخبریاں ہیں۔ اس سنّت پر عمل کرنے والوں کے فضائل پر مشتمل تین فرامینِ مصطفےٰ ملاحظہ فرمائیے : (1)جب دو مسلمان مَرد ملاقات کرتے ہیں اور ان میں سے ایک اپنے رفیق کو سلام کرتا ہے تو ان میں سے اللہ پاک کے نزدیک زیادہ مَحبوب وہ ہوتا ہے جو اپنے رفیق سے زیادہ گَرْم جوشی سے ملاقات کرتاہے۔ پھر جب وہ مُصافحہ کرتے ہیں تو ان پر 100 رحمتیں نازل ہوتی ہیں ان میں سے 90 رحمتیں پہل کرنے والے کیلئے اور 10 اس کے لئے جس سے مصافحہ کیا جائے۔ (مسندِ بزّار ، 1 / 437 ، حدیث : 308)(2)سلام میں پہل کرنے والاتکبُّر سے بَری ہے۔ (شعبُ الایمان ، 6 / 433 ، حدیث : 8786)(3)لوگوں میں اللہ پاک کے زیادہ قریب وہی شخص ہے جو اُنہیں پہلے سلام کرے۔ (ابوداؤد ، 4 / 449 ، حدیث : 5197)